0
Monday 26 Sep 2011 07:59

وزیراعظم گیلانی کا الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ، امریکی الزامات اور دھمکیوں پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر تبادلہ خیال

وزیراعظم گیلانی کا الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ، امریکی الزامات اور دھمکیوں پر قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر تبادلہ خیال
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان کے خلاف امریکی الزامات، دھمکیوں اور اس صورتحال میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے امریکہ کی جانب سے پاکستان پر الزامات کے حوالہ سے الطاف حسین کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں قومی اتفاق رائے قائم کرنا چاہتی ہے اور حکومت بھی انہی نکات پر غور کر رہی ہے کہ ملک کی تمام سیاسی قیادت کا اجلاس طلب کیا جائے، سیاسی رہنماؤں کو موجودہ حالات پر بریفنگ دی جائے اور قومی سلامتی کیلئے انہیں بھی اپنے خیالات کے اظہار کا موقع دیا جائے تاکہ ملک و قوم کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے الطاف حسین کو قومی اتفاق رائے کیلئے مختلف سیاسی رہنماؤں سے اپنے رابطوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے پاکستان کی نازک صورتحال میں وزیراعظم کی جانب سے مشترکہ لائحہ عمل اور قومی اتفاق رائے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میں طویل عرصے سے پاکستان کی قومی سلامتی و بقاء کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں سے آگاہ کرتا چلا آ رہا ہوں اور امریکہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر بھی میری جانب سے واضح بیان آیا ہے کہ موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اس نازک صورتحال میں سیاست کرنے کے بجائے ملک کی سلامتی، بقاء اور مفاد کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔ الطاف حسین نے وزیراعظم سے کہا کہ میں ایک پاکستانی کی حیثیت سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیو ایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان قومی سلامتی و بقاء اور پاکستان کی خود مختاری کیلئے حکومت کی پالیسی اور مسلح افواج کی حکمت عملی کے ساتھ ہیں اور ان کے شانہ بشانہ چلیں گے۔
خبر کا کوڈ : 101537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش