0
Sunday 2 Oct 2022 19:23

لاہور، آئی ایس او کی اسرائیل نامنظور ریلی، امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش

اسرائیل کا دورہ کرنیوالے پاکستانی وفود کے ارکان کو نشان عبرت بنایا جائے، علامہ حسن ہمدانی
لاہور، آئی ایس او کی اسرائیل نامنظور ریلی، امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش
اسلام ٹائمز۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک "نامنظور اسرائیل ریلی" نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سینیئر رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی اور جامع مسجد کشمیریاں کے خطیب علامہ سید جواد الموسوی نے کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل اور امریکہ کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے واضح پالیسی دیدی تھی، جس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کرنے والے یاد رکھیں کہ پاکستان کے غیور عوام کبھی بھی ناجائز ریاست کو تسلیم نہیں کریں گے، ہم فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں، ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خاتمے کا وقت قریب ہے، بہت جلد اسرائیل صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ امام خمینیؒ کے فرمان کے مطابق ہم ہر مظلوم کے حامی اور ہر ظالم کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران یاد رکھیں ہم کسی طور پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ریلی کے اختتام پر امریکی اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے گئے۔ بعدازاں ریلی کے شرکاء نے سیالکوٹ میں معروف ذاکر نوید عاشق بی اے کی بہیمانہ قتل کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا اور قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 1017270
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش