0
Tuesday 4 Oct 2011 21:29

مسلم لیگ ق کے وزراء کی حکومت سے علیحدگی کی سفارش، پارٹی قیادت کو استعفے پیش کر دیئے

مسلم لیگ ق کے وزراء کی حکومت سے علیحدگی کی سفارش،  پارٹی قیادت کو استعفے پیش کر دیئے
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ق کے وزراء نے حکومت سے علیحدہ ہونے کی سفارش کرتے ہوئے اپنے استعفے پارٹی کی قیادت کو پیش کر دیئے۔ مسلم لیگ ق کے وزراء اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت کے ساتھ اتحاد کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کے وزراء نے اپنی جماعت کو سفارش کی کہ حکومت کی جانب سے وعدے وفا نہ کئے جانے پر انہیں حکومت سے الگ ہو جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں ق لیگ کے وزراء نے اپنے استعفے پارٹی کی قیادت کو پیش کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے مسلم لیگ ق کی قیادت جلد صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گی۔ وفاقی وزیر فیصل صالح حیات کے مطابق استعفے جمع کرانے والوں میں ان کے سمیت شیخ وقاص، ریاض پیرزادہ اور پرویز الٰہی، چوہدری وجاہت حسین اور غوث بخش مہر  شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے وزراء نے بجلی بحران، بدترین لوڈشیڈنگ اور عوامی حقوق کی ناکامی کے باعث اپنے استعفے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین کو پیش کر دیئے ہیں۔ مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں ہوا، ملک میں جاری بجلی کے شدید بحران، عوامی ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتی اور مسلم لیگ ق کے ساتھ بجلی بحران کے خاتمے سمیت مسائل کے حل کیلئے جو وعدے کئے تھے ان کی پاسداری نہیں کی گئی، اس لئے حکومت میں رہنے کا جواز نہیں بنتا۔ 
ق لیگ کے وفاقی وزیر فیصل صالح حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم حکومت کی ناکامیوں کا بوچھ نہیں اٹھا سکتے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں حکومت سنجیدہ نظر نہیں آتی اس لئے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں پر نشستوں کیلئے درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دی ہے۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ عوامی مسائل بڑھ رہے ہیں حکمران توجہ نہیں دے رہے، ہمارے استعفعے دینے کے سوا کوئی جواز نہیں رہتا۔
خبر کا کوڈ : 103754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش