0
Saturday 8 Oct 2011 21:51

سندھ کے معاملات پر ایوان صدر میں مشاورت، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں، صدر زرداری

سندھ کے معاملات پر ایوان صدر میں مشاورت، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں، صدر زرداری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ کراچی بدامنی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں۔ کراچی بدامنی کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کے لیے ایوان صدر میں ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی سید قائم علی شاہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان مولوی انوارالحق، سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان، سندھ کے وزیر قانون ایاز سومرو، وزیر داخلہ منظور وسان اور چیف سیکریٹری سندھ راجہ محمد عباس نے شرکت کی۔ صدر زرداری نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی تاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے اب تک اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہی حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے اجلاس کے شرکاء کو صوبائی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اب تک اور آئندہ کے ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت کی متعلقہ ایجنسیاں عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی ضروت سے آگاہ ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ کراچی بدامنی کیس بارے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے اور اتحادیوں کے ساتھ متنازع امور پر فوری مشاورت شروع کی جائے۔ ذرائع کے مطابق بابر اعوان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے قانونی پہلووں پر بریفنگ دی۔ سندھ کے وزیر داخلہ نے اجلاس میں بتایا کہ سپریم کورٹ کے مختلف احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنا چاہتے ہیں، کراچی میں امن کے لیے وزارت داخلہ اضافی اقدامات اٹھائے اور عام آدمی کی زندگی کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں وزارتوں کی تقسیم پر پیدا ہونیوالے تنازع پر بھی مشاورت کی گئی، صدر آصف زرداری نے ہدایت کی ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ فوری مشاورت سے متنازع امور طے کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔


خبر کا کوڈ : 104748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش