0
Wednesday 20 Jan 2010 12:38

آزاد عدلیہ پر یقین رکھتے اور عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں،ملک دشمنوں کے سامنے ڈٹا رہوں گا،شہادت بے نظیر جیسی ہو گی،صدر زرداری

آزاد عدلیہ پر یقین رکھتے اور عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں،ملک دشمنوں کے سامنے ڈٹا رہوں گا،شہادت بے نظیر جیسی ہو گی،صدر زرداری
لاہور:صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج بھی بے نظیر بھٹو شہید کی روح میری رہنمائی کرتی ہے،میں نے بھی ذوالفقار علی بھٹو کی طرح جیلیں کاٹی ہیں،میری شہادت بینظیر بھٹو جیسی ہو گی،جس طرح وہ عوام دشمنوں اور ملک دشمنوں کے سامنے ڈٹی رہیں،میں بھی اسی طرح ڈٹا رہوں گا،صدارت کا عہدہ لڑ کر حاصل کیا ہے اور ہم نہ صرف جی کربلکہ مر کر بھی پاکستان کی خدمت کریں گے،مخالفین ہم جیسی سیاست کرنا چاہتے ہیں تو پہلے جیلیں کاٹنا سیکھیں،جب بھی عوام کی خدمت کرتے ہیں تو نادیدہ قوّتیں سازشیں شروع کر دیتی ہیں،سیاسی مداریوں کو سیاست سے مات دیں گے۔وہ گذشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں وسیلہ حق کی چوتھی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگتا ہے تو ہم میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہو جاتا ہے لیکن جب کوئی ان کے خلاف بات کرے تو ہمیں تکلیف ہوتی ہے۔ جو ذوالفقار علی بھٹو کی طرح سیاست کرنا چاہتے ہیں،ان سے پہلے کہتا ہوں کہ وہ شہید ہونے کا جذبہ پیدا کریں اور جو بے نظیر بھٹو کی طرح سیاست کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے خطروں سے ٹکرانا اور ان کامقابلہ کرنا سیکھیں۔صدر نے کہا کہ سوات کی طرح وزیرستان پر پاکستانی پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ذوالفقار علی بھٹو کی طرح جیلیں کاٹی ہیں،میری شہادت بینظیر بھٹو جیسی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وہ عوام کے دشمنوں،ملک کے دشمنوں کے سامنے ڈٹی رہیں ہم بھی اسی طرح ڈٹے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ ہمیں قبر تک ایمان دے،لوگ ہماری قبر پر دعا کرتے ہوئے کہیں کہ یہ شہید ذوالفقار بھٹو کا پروانہ تھا۔محترمہ بینظیر بھٹو کا ضامن تھا جو اس کا فرض ادا کر گیا جو عوام کی خدمت کر گیا۔انہوں نے کہا کہ عوامی سیاست کیلئے قربانیاں دینا اور جیلوں میں جانا پڑتا ہے اور اگر مخالفین بھی ہم جیسی سیاست کرنا چاہتے ہیں تو پہلے جیلیں کاٹنا سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ دعا کریں کہ اللہ ہمیں ایمان دے کہ ہم بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھاتے رہیں اور ہمیں بھی مرنے کے بعد پیپلز پارٹی کے جھنڈے کے کفن میں دفنایا جائے تا کہ آنے والی نسلوں کو سبق حاصل ہو۔دریں اثناء پیپلز لائرز فورم اور ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے گورنر ہاؤس میں بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے لیکن جب بھی ہم حکومت میں آتے ہیں عوام کی خدمت کرتے ہیں تو نادیدہ قوتیں سازش شروع کر دیتی ہیں،ہمیں ان سازشوں کا مقابلہ کرنا آتا ہے اور کر بھی رہے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 18926
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش