0
Friday 28 Aug 2009 09:54

خیبر ایجنسی،خود کش دھماکہ،22خاصہ دار جاں بحق،لدھا،ایک اور امریکی حملہ،10ہلاک

خیبر ایجنسی،خود کش دھماکہ،22خاصہ دار جاں بحق،لدھا،ایک اور امریکی حملہ،10ہلاک
خیبر ایجنسی،جنوبی وزیرستان،راولپنڈی:خیبر ایجنسی میں خودکش دھماکے کے باعث 22 خاصہ دار اہلکار جاں بحق ہو گئے، جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون طیارےکے میزائل حملے میں 10افراد ہلاک ہو گئے جبکہ جھڑپوں میں 9عسکریت پسند ہلاک اور 4 اہلکار شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے طورخم میں پولیٹیکل تحصیلدار آفس میں خودکش حملہ آور نے گھس کر دھماکہ کر دیا۔ اس وقت خاصہ دار اہلکار افطاری کا انتظام کر رہے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکے میں20خاصہ دار اہلکار جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ  9اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی طارق حیات نے 17اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے کنی گورم میں امریکی ڈرون طیارے نے ایک مکان کو نشانہ بناتے ہوئے تین میزائل داغے جس میں 10افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی انٹیلی جنس حکام نے بتایا کہ میزائل حملے میں ولی الرحمن کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق حملے کے بعد عسکریت پسند اپنے ساتھیوں کی نعشیں اٹھا کر لے گئے۔ علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپ ہوئی جس میں 9جنگجو ہلاک اور 4اہلکار شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بھی بنایا۔ دریں اثناء سوات آپریشن سے متعلق آئی ایس پی آر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فورسز نے سوات کے علاقوں سر اور تلگرام میں اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کر9دہشت گرد گرفتار کر لئے اور خودکش حملے کیلئے تیار کی گئی ایک گاڑی برآمد کر لی۔ فتح پور کے قریب گرڈ سٹیشن میں 14دہشت گردوں نے خود کو فورسز کے حوالے کر دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے چارباغ میں سرچ آپریشن کے دوران 2 جبکہ کوٹ سے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ اسی طرح 10 مشتبہ دہشت گردوں کو مینگورہ کے قریب بلوگرام اور 6 کو ملک آباد، طاہر آباد اور مینگورہ شہر سے گرفتار کیا گیا۔ فورسز نے271,102کیش کارڈ متاثرین مالاکنڈ میں تقسیم کر دیئے۔

خبر کا کوڈ : 10641
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش