0
Sunday 16 Oct 2011 19:24

عوام سدابہار حکمرانوں سے نجات کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، فضل کریم

عوام سدابہار حکمرانوں سے نجات کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، فضل کریم
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم کی طرف سے عوام کے نام کھلا خط جاری کیا گیا ہے، جو ہینڈ بل کی شکل میں ملک بھر میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس خط میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ نسل در نسل حکمرانی کرنے والے سدا بہار حکمران خاندانوں سے نجات کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور مسائل زدہ غریب عوام اپنی صفوں سے نئی قیادت ابھارنے اور نظام بدلنے کے لیے متحد ہو جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل نہ کی گئی تو بار بار اقتدار میں آنے والوں کی تازہ دم اولادیں باقی ماندہ پاکستان بھی کھا جائیں گی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کرپشن کی کالی دولت سے ووٹ خریدنے والوں نے جمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے، لوٹا ہوا قومی خزانہ واپس لینے اور سیاست کا گند صاف کرنے کے لیے بے رحم احتساب کا وقت آ گیا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے عوام کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ کئی کئی ایکڑوں پر مشتمل محلات میں مغل شہزاوں کی طرح رہنے والے سیاستدان غریبوں کے ہمدرد نہیں ہو سکتے اس لیے متوسط اور غریب طبقے کے اہل، دیانتدار اور پڑھے لکھے نوجوان سیاست کے میدان میں آئیں اور مخصوص سیاسی اشرافیہ کی اجارہ داری ختم کر ڈالیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومتوں کے آنے اور جانے سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا، باریاں لینے کی سیاست ملک کے لیے ناسور بن چکی ہے، جو دو دو تین تین بار اقتدار میں آنے کے باوجود ملک و قوم کے لیے کچھ نہیں کر سکے تو اب اقتدار میں آ کر کیا کریں گے، اس لیے شوق حکمرانی کے لیے سیاست کرنے والوں سے ملک کا قبضہ واپس لینا ہو گا۔
صاحبزادہ فضل کریم نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بدانتظامی اور بدعنوانی کی وجہ سے پی آئی اے، ریلوے اور واپڈا سمیت سارے ملکی ادارے دیوالیہ ہو چکے ہیں، حکمران عوامی مسائل کے حل کی بجائے اقتدار کے نشے میں مست ہیں جبکہ اقتدار سے باہر رہ جانے والے سیاستدان محض اقتدار کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں اور انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ سنی اتحاد کونسل غریبوں کی آواز اور مفلوک الحال لوگوں کی ترجمانی کرے گی۔
دریں اثناء سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے ہزارہ صوبہ کے قیام کی حمایت اور ہزارہ صوبہ تحریک کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے ایبٹ آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجتماع میں علماء و مشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات نے شرکت کی، جبکہ ہزارہ صوبہ تحریک کے راہنماؤں نے بھی صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ہزارہ صوبہ کے قیام کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائے گی، کیونکہ نئے صوبوں کے قیام سے عوامی مسائل میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ صوبہ کی مخالفت کرنے والے نفرتوں کو پروان نہ چڑھائیں۔
خبر کا کوڈ : 106778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش