0
Wednesday 26 Oct 2011 11:25

زرداری کو صدر نہیں مانتا، 28 اکتوبر کو ریلی میں اہم اعلان کرونگا، ملک کو لٹیروں، زرداریوں اور مداریوں سے بچائیں گے، شہباز شریف

زرداری کو صدر نہیں مانتا، 28 اکتوبر کو ریلی میں اہم اعلان کرونگا، ملک کو لٹیروں، زرداریوں اور مداریوں سے بچائیں گے، شہباز شریف
  لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا کہ حکمران ٹولے کی کرپشن، لوٹ مار اور اقرباء پروری ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے، ایک شخص کے جرائم کی سزا پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہی ہے، غربت اور مہنگائی انتہائی کو پہنچ چکی ہے، ملک کو لٹیروں، زرداریوں اور مداریوں سے بچائیں گے، پرسوں ریلی میں اہم اعلان کرونگا، وزیراعلٰی نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ وزیراعلٰی نے ناقص کارکردگی پر سروسز ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قذافی کو معطل کر دیا۔ ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لئے فیملی فزیشنز اور جنرل پریکٹیشنرز کا کردار نہایت اہم ہے، ادارہ صحت عامہ پنجاب کی تنظیم نو کے لئے پلان کو حتمی شکل دی جائے۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں ممتاز احمد، چوہدری مسعود احمد اور چوہدری سعید احمد گجر نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق ارکان اسمبلی اور لیگی عہدیداروں کے اجلاس میں 28 اکتوبر کی ریلی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں چوہدری نثار، سینیٹر پرویز رشید، سعد رفیق، میاں مرغوب، ملک محمد ریاض، مجتبٰی شجاع، زعیم قادری، مہر اشتیاق احمد و دیگر ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ 
شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اقتدار کے اونچے ایوان میں بیٹھے ایک شخص کی ہوس اور حرص نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ حکمران ٹولے کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی شہرت کو عالمی سطح پر نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ صادق پلازہ میں تاجر تنظیموں کے زیراہتمام اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28 اکتوبر کو پاکستانی عوام اس ملک میں غربت، بےروزگاری، لوٹ مار، کرپشن اور اغیار کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے اٹھا باہر کریں گے اور قومی غیرت اور حمیت کا سودا کرنے والوں، رینٹل پاور کے نام پر اربوں روپے کی لوٹ کھسوٹ اور این آئی سی ایل اور حاجیوں کی جیبیوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری آﺅ لاہور میں آ کر دیکھو، جہاں تمہاری وجہ سے کاروبار ہے نہ روزگار، لوگوں کے چولہے ٹھنڈے اور فیکٹریوں کی چمنیاں بند ہو رہی ہیں، ایکسپورٹ کے آرڈر کینسل اور دکانوں میں اندھیرا چھا رہا ہے۔ ایسے میں پاکستان کی دولت لوٹ کر سوئٹزر لینڈ کے بنکوں میں رکھنے والے کو صدر پاکستان کہلانے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین برس تک ان حکمرانوں کو مہلت دینے کے بعد اب فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے اور اب پاکستان کا بچہ بچہ منزل کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھے گا۔ ذوالفقار کھوسہ، سینیٹر مشاہد اللہ، خواجہ سعد رفیق، مجتبیٰ سجاع الرحمن، حافظ محمد نعمان، میاں عبدالمنان اور نعیم میر نے بھی خطاب کیا جبکہ انعام اللہ خان نیازی نے خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ یہ ریلی سیاسی نہیں ملک کی بقاء اور سلامتی اور چوروں و لٹیروں کو ان کے انجام سے دوچار کرنے کی ریلی ہے۔ وزیراعلٰی نے تینوں ارکان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔
 ڈینگی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ تربیتی پروگرام میں تمام فیملی فزیشنز اور جنرل پریکٹیشنرز حصہ لیں گے اور انہیں اس حوالے سے سرٹیفکیٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بلڈ بنک کے قیام کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ خون دینے کے خواہش مند ہر فرد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی کی زیرصدارت منعقد اجلاس میں ادارہ صحت عامہ کو متحرک اور فعال بنانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اقلیتی ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ پاکستان آج طوفانوں میں گھرا ہے، غربت، بےروزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ 1947ء میں ہندوﺅں کے چنگل سے آزادی حاصل کی تھی اور آج ملک کو چوروں، لٹیروں، ٹھگوں، زرداریوں اور مداریوں سے بچانا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلٰی لاہور میں اپنی مصروفیات کے باعث ہیڈ مرالہ کے مقام پر ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت نہ کر سکے اور ان کی جگہ خواجہ محمد آصف نے سنگ بنیاد رکھا۔
خبر کا کوڈ : 109307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش