0
Monday 7 Nov 2011 11:33

عید پر پنجاب میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، پھالیہ کے نواح سے 6 خودکش بمبار گرفتار

عید پر پنجاب میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، پھالیہ کے نواح سے 6 خودکش بمبار گرفتار
اسلام ٹائمز۔ عید کے موقع پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنا دی، حساس اداروں نے منڈی بہاؤالدین کے نواحی علاقے سے 6 دہشتگردوں کو گرفتار کر کے 25 ہزار کلو دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔ حساس اداروں نے تحصیل پھالیہ کے نواحی گاؤں کدھر میں اسلم تارڑ نامی شخص کے پولڑی فارم نما ڈیرے پر اچانک کارروائی کی اور چھ خطرناک دہشت گردوں کو اس وقت گرفتار کر لیا، جب وہ بارودی مواد تیار کر رہے تھے۔ گرفتار ہونے والے دہشتگروں میں دو دہشت گرد خودکش گاڑیاں تیار کرنے کے ماہر تھے۔ دہشتگردوں نے بارودی مواد کو تیار کرنے کیلئے بڑے برتنوں میں تیز آگ پر پکانے کیلئے رکھا ہوا تھا۔ بارودی مواد کو پکانے کے بعد ایک کمرے میں خشک کیا جاتا تھا۔ حساس ادارے کے مطابق ان دہشتگردوں کی ڈیڑھ ماہ سے نگرانی کی جا رہی تھی اور یہ لوگ پنجاب میں بڑے پیمانے پر ایک ساتھ دہشتگردی کی کاروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ گرفتار دہشتگردوں کے مطابق انہوں نے عید کے موقع پر لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے علاقوں میں خودکش کاروائی کرنا تھی۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق سوات، بھکر، مردان، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوئٹہ سے ہے۔ تاہم گرفتار دہشتگردوں کو نامعلوم مقام پر بارودی مواد سمیت منتقل کر دیا گیا ہے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق عید کے موقع پر پنجاب بھر میں دہشتگردی کے لیے آنے والے چھ خودکش بمبار گرفتار کر لیے گئے جبکہ پچیس ہزار کلو گرام دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حساس اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ پھالیہ کے قریب کچھ خودکش حملہ آور پنجاب میں دہشتگردی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس پر گزشتہ رات حساس اداروں نے کاروائی کرتے ہوئے چھ خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ انہیں پناہ دینے والے شخص کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے ایک خودکش حملہ آور نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بھکر کا رہنے والا ہے اور مدرسہ چلاتا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ ذرائع آمدنی کم ہونے کے باعث وہ افغانستان چلا گیا جہاں اسکی ملاقات دہشتگردوں کے مقامی کمانڈر سے ہوئی جس نے بھاری رقم کا لالچ دے کر اسے پنجاب بھیج دیا۔ 
خودکش حملہ آور نے بتایا کہ اسکے ساتھ پانچ ساتھی اور بھی ہیں جن کا تعلق ڈیرہ اسمائیل خان، سوات، سوابی، مالاکنڈ اور کوئٹہ سے ہے۔ گرفتار خودکش حملہ آور کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ یہ دھماکہ خیز بارود خود تیار کرتے ہیں اور انہیں خودکش گاڑیوں میں لوڈ کر کے عید کے موقع پر ملتان، لاہور اور فیصل آباد میں حملہ کرنا تھا۔ حساس اداروں نے میڈیا کو وہ تمام جگہیں بھی دکھائیں جہاں یہ خودکش حملہ آور دھماکہ خیز مواد تیار کرہے تھے جبکہ انکے قبضہ سے بوریوں میں بند تیار شدہ 25000 کلو گرام بارود بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 112214
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش