0
Wednesday 9 Nov 2011 12:44

امریکی حکام تعلقات خراب کرنیوالے بیانات نہ دیں، زرداری

امریکی حکام تعلقات خراب کرنیوالے بیانات نہ دیں، زرداری
اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امریکی حکام تعلقات خراب کرنے والے بیانات نہ دیں۔ گزشتہ روز ان سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی۔ بلاول ہاوس کراچی میں ہونے والے ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، دہشتگردی کیخلاف جنگ، افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ امریکی کانگریس کے رکن مائیکل مکول کی قیادت میں سات رکنی وفدسے ہونے والی ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے تعلقات متاثر ہوں اور امریکا کیلئے عوامی رائے پر بھی منفی اثر نہ پڑے۔ صدر کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت امداد کے بجائے تجارت کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے، تاکہ معیشت کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اور قدرتی آفات سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، حکومت کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور اس کی وجہ سے عوام کو ریلیف پہنچانے میں دشواری ہو رہی ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے، غلط فہمیوں سے بچنے اور منفی تاثر ختم کرنے کیلئے پاکستان اور امریکا کے درمیان ہر سطح پر رابطوں کی ضرورت ہے۔ کراچی میں امریکی کانگرس کے ایک وفد سے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے غیر ضروری بیان بازی اور تنقید کا سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ اس سے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ پاک امریکا باہمی تعلقات کے حوالے سے امریکی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرےکا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وفد کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور حالیہ قدرتی آفات کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا ان عوامل کے باعث پاکستانی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور پاکستانی حکومت کو لوگوں کو معاشی ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا موجودہ سخت حالات میں مختلف منصوبوں کیلئے عالمی برادری کی جانب سے امداد کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔
خبر کا کوڈ : 112601
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش