0
Wednesday 10 Apr 2024 11:37
8 فروری کے انتخابات کے بعد بھی سیاسی استحکام نہیں مل سکا

نقوی، واوڈا اور کاکڑ ایک ہی قبیلے سے ہیں، وزیر خزانہ کو انکا کزن کہا جا سکتا ہے، رانا ثناء اللہ

کچھ سیاسی جماعتیں مراعات بھی لے رہی ہیں اور سیاسی عدم استحکام بھی پیداکر رہی ہیں
نقوی، واوڈا اور کاکڑ ایک ہی قبیلے سے ہیں، وزیر خزانہ کو انکا کزن کہا جا سکتا ہے، رانا ثناء اللہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جو نیا عہدہ چاہیں لے سکتے ہیں، محسن نقوی، فیصل واوڈا اور انوارالحق کاکڑ کا تعلق ایک ہی قبیلے سے ہے جبکہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ان تینوں کا کزن کہا جا سکتا ہے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جن مشکلات میں گھرا ہوا ہے، اس میں نواز شریف کی رہنمائی کی ضرورت ہے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مستحکم کرنے اور معیشت کی بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں، اس وقت ملک میں سیاسی صورتحال اچھی نہیں ہے، 8 فروری کے انتخابات کے بعد بھی سیاسی استحکام نہیں مل سکا، کچھ سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں ہیں، مراعات بھی لے رہی ہیں اور سیاسی عدم استحکام بھی پیداکر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی دلدل میں دھنسا ہوا ہے، 2018ء میں ملک سیاسی اور معاشی طور بھی مستحکم تھا، اُس وقت کی حکومت کو ڈی ریل کیا گیا اور الیکشن میں دھاندلی کرائی گئی، ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کیا گیا، جس سے معاشی حالات بھی خراب ہوئے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا پارٹی کے ساتھ اختلافات کا تاثر اور اندازے بالکل غلط ہیں، الیکشن کے بعد تمام پارٹی اجلاسوں میں شامل رہا ہوں، ہر سیاسی جماعت میں مختلف نقطہ نظر ہوتے ہیں، ہر کسی کو حق ہوتا ہے کہ اپنا نقطہ نظر پیش کرے، پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری پوری کر رہا ہوں جبکہ پارلیمانی سیاست میں آگے آنے والوں کو ہی حکومتی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا رول دنیا میں نہ کہیں ختم ہوا نہ ہوگا، اسٹیبلشمنٹ 2010ء میں جو تھی، 2018ء میں نہ تھی، جو  تب تھی، اب نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کی موجودہ لیڈر شپ انتہائی دیانتدار اور آزاد ہے، جن کے کوئی ذاتی مفادات نہیں ہیں، سب کی کوشش اور خواہش سیاسی استحکام ہے، جس کیلئے سیاسی قیادت کو کردار ادا کرنا ہے، اگر کوئی سیاسی جماعت باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت اور مل کر چلنے کیلئے تیار نہ ہوگی تو افراتفری ہوگی۔ صدر مسلم لیگ نون پنجاب نے کسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک سیاسی جماعت یہ رویہ اپنائے ہوئے ہے، اس کا لیڈر اپنی جماعت کے لوگوں کی بھی نہیں سنتا، اس انتخابات کے بعد اگر وہ حکومت بنانا چاہتے تو بنا سکتے تھے، ایسی سیاسی قوت جب تک موجود رہے گی، ملک مستحکم نہیں ہوسکتا۔
خبر کا کوڈ : 1127869
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش