اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گذشتہ شب 4 علاقائی ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ گفتگو کی ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق حسین امیر عبداللہیان نے سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور عراق کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کی۔
رپورٹ کے مطابق ان فون کالز میں انہوں نے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے غاصب صہیونیوں کے کھلے جرائم کے خاتمے اور غزہ کی پٹی کے نہتے عوام کو فوری طور پر انسانی امداد کی ترسیل کے لئے مزید کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔