0
Tuesday 16 Apr 2024 19:40

نریندر مودی و امت شاہ کو نہیں ہٹایا گیا تو بھارت کا آئین تباہ ہوجائے گا، مولانا بدرالدین اجمل

نریندر مودی و امت شاہ کو نہیں ہٹایا گیا تو بھارت کا آئین تباہ ہوجائے گا، مولانا بدرالدین اجمل
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخابات 2024ء سے پہلے آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ بدرالدین اجمل نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ شمال مشرق میں آسام کے تینسوکیا میں ایک جلسہ عام کے دوران کہا کہ اگر نریندر مودی، امت شاہ اور آسام کے وزیراعلٰی ہمانتا بسوا سرما کو اقتدار سے نہیں ہٹایا گیا تو ملک کا آئین ختم ہوجائے گا۔ کانگریس امیدوار پردیوت بوردولوئی اور بی جے پی امیدوار سریش بورا پر تنقید کرتے ہوئے آسام کے دھوبری سے ممبر پارلیمنٹ بدرالدین اجمل نے کہا کہ ان دونوں لیڈروں کو پارلیمنٹ میں داخل نہ ہونے دیں، انہیں کسی بھی قیمت پر الیکشن جیتنے نہ دیں۔ بدرالدین اجمل کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن جماعتوں نے اس عام انتخابات میں ’جمہوریت اور آئین کے تحفظ‘ کو بڑا ایشو بنایا ہوا ہے۔ مودی حکومت کو ٹکر لینے کے لئے بنائے گئے حزب اختلاف کے انڈیا ’اتحاد‘ نے بھی اسے ایک بڑا مسئلہ بنا دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں اکثر جماعتوں کے لیڈر اور ترجمان کئی بار یہ کہتے ہوئے دیکھے گئے ہیں کہ یہ الیکشن جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لئے ہے۔ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ بی جے پی نے ملک کی تقریباً تمام بڑی ایجنسیوں پر قبضہ کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش