0
Wednesday 17 Apr 2024 23:42

صیہونی رژیم کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف کا غزہ میں اسرائیل کی شکست کا اعتراف

صیہونی رژیم کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف کا غزہ میں اسرائیل کی شکست کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کے گذشتہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ریٹائرڈ گادی آئزنکوٹ نے نیتن یاہو کابینہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے غزہ جنگ میں اسرائیل کی شکست کا اعتراف کیا ہے۔ یاد رہے وہ غاصب صیہونی رژیم کی موجودہ جنگی کابینہ کا رکن بھی ہے۔ گادی آئزنکوٹ نے کہا کہ غزہ جنگ کو شروع ہوئے چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اسرائیلی فوج اب اپنے اعلان کردہ اہداف میں سے ایک بھی حاصل نہیں کر پایا اور حتی ایک اسرائیلی یرغمالی بھی آزاد نہیں کروا سکی۔ اس نے کہا کہ نیتن یاہو کابینہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ جنرل ریٹائرڈ گادی آئزنکوٹ نے غزہ جنگ میں اعلان شدہ اہداف کے حصول میں ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "گذشتہ چھ ماہ کے دوران انتہائی وسیع پیمانے پر فوجی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے باوجود اسرائیلی فوج اب تک ان علاقوں کی بھی مکمل شناخت میں ناکام رہی ہے جہاں اس کا قبضہ ہو چکا ہے اور وہ کئی ہفتوں سے وہاں موجود ہے۔"
 
غاصب صیہونی رژیم کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی نسل پرست اور انتہاپسند گروہوں کی سرگرمیوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس نے کہا کہ یہ نسل پرست اور انتہاپسند گروہ نیتن یاہو کی کابینہ میں بھی اثرورسوخ پیدا کر چکے ہیں اور حکومتی فیصلوں میں مداخلت کرتے ہیں۔ گادی آئزنکوٹ نے اس بارے میں مزید کہا: "عمومی سطح پر انجام پانے والی سروے رپورٹس کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو کی کابینہ میں شامل داخلہ سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں اور اس بات کا قوی امکان پایا جاتا ہے کہ آئندہ الیکشن میں وہ کینسٹ کی کم از کم دس سیٹیں جیت جائیں گے۔" یاد رہے 7 اکتوبر 2023ء کے دن فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں "طوفان الاقصی" نامی عظیم اور کامیاب آپریشن انجام پایا جس کے بعد غاصب صیہونی رژیم نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ شروع کیا۔ اس بمباری میں اب تک 35 ہزار کے قریب عام فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچے ہیں۔ اس دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کی لیکن صیہونی حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور وہ بدستور فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے اور غزہ میں انسان سوز مظالم انجام دینے میں مصروف ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1129352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش