0
Friday 11 Nov 2011 13:23

ایران پر اسرائیلی حملے کے غیر متوقع نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، لیون پینٹا

ایران پر اسرائیلی حملے کے غیر متوقع نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، لیون پینٹا
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے ایران پر ممکنہ حملے سے امریکی اور خطے کی سلامت کو سنگین خطرات لاحق ہونے سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لیون پنیٹا نے کہا کہ ایران پر حملے سے امریکا بھی متاثر ہو سکتا ہے اور خطے میں موجود امریکی فوج اس کی لپیٹ میں آ سکتی ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کو رکوانے کیلئے عالمی توانائی ایجنسی کے پہلے والے مئوقف سے اتفاق کرتے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ تہران پر حملہ اسے مزید ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری سے روک سکتا ہے، تاہم اب حالات مختلف ہیں۔ پنیٹا نے کہا کہ آئی اے ای اے کی حالیہ رپورٹ کی بنیاد پر اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اسے جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنا مشکل ہو گا۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایک بار پھر جارحانہ مئوقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہران کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات تسلیم نہیں کرے گا۔ 
ذرائع کے مطابق امریکا نے ایران پر ممکنہ اسرائیلی حملے سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے سے خطے میں موجود امریکی فوجیوں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع لیون پینٹا کا کہنا تھا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا تو خطے میں موجود امریکی فوجیوں کے لیے مسائل کھڑے ہو سکتے ہیں ۔ لیون پینٹا کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف کاروائی اس پروگرام کو صرف تین سال تک پیچھے لے جا سکتی ہے۔ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو غیر متوقع نتائج برآمد ہو سکتے ہیں جو پورے خطے کو متاثر کرنے کے لئے کافی ہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے کی صورت میں خطے پر برے اثرات مرتب ہوں گے، جبکہ ایران کا رویہ بدلنے کے لئے سخت معاشی اور سفارتی پابندیاں لگانے کی ضرورت ہے۔ پینٹا گون میں پریس بریفنگ کے دوران لیون پنیٹا کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیاں لگانے کے لئے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔ ایران جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کا پابند ہے، اسے بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرنی چاہئے۔ لیون پنیٹا کا کہنا تھا کہ ہمیں ایران سے ہوشیار رہنا ہو گا، جو خطے کے لئے بھی خطر ناک ہے اور وہاں موجود امریکی افواج کے لئے بھی۔ لیون پنیٹا نے کہا کہ امریکا کو زیادہ محفوظ رکھنے کے لئے القاعدہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کو نمایاں طورپر کمزور کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 113060
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش