0
Wednesday 16 Nov 2011 00:58

پاکستان اور بھارت کو اچھے ہمسائیوں کی طرح تعلقات نبھانے کی ضرورت ہے، یوسف رضا گیلانی

پاکستان اور بھارت کو اچھے ہمسائیوں کی طرح تعلقات نبھانے کی ضرورت ہے، یوسف رضا گیلانی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 543 ویں جنم دن کی مناسبت سے بین الاقوامی سیمینار بعنوان "مسلم سکھ دوستی تاریخ کے آئینے میں" سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام متنازع امور کا مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ ڈیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی توازن کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے سکھ مذہب کے پیروکاروں کو بابا گرو نانک کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی دھرتی کے وارث سکھ اور مسلمان ہیں اور ان کے درمیان علاقائی اور ثقافتی قدریں مشترک ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لئے متعدد اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عمومی ترقی کے ساتھ ساتھ اقلیتی شہریوں کی آبادیوں میں خصوصی فنڈز سے ترقیاتی کام مکمل کروائے ہیں۔
اس موقع پر ورلڈ مسلم سکھ فیڈریشن کے چیرمین سردار من موہن سنگھ نے کہا کہ بھارت کو کشمیر اور پنجاب میں ہونے والے غیر انسانی سلوک کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں جغرافیائی تنظیم نو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سکھوں کی تحریک کو روکا نہیں جا سکتا۔ خالصتان تحریک کے رہنما گورمیت سنگھ اولکھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کرتار سنگھ گوردوارے کے راستوں کے لئے سڑک کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے، اب بھارت کی طرف سے بھی اس پر کام ہونا چاہیے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین آ صف ہاشمی نے سکھ برادری سے پاکستان کے بند پانی کو بھارت سے کھلوانے میں مدد کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت سکھوں کی میزبانی پر فخر کرتی ہے اور تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں اور سکھوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لئے سکھ بھارتی مسلمانوں سے دوستی کو مزید مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر ثقافتی پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں پاکستانی گلوکار سردار جیسی سنگھ نے ملی نغمہ جبکہ بھارتی گلوکاراوں نے صوفیانہ کلام پیش کیا۔ وزیراعظم نے مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
خبر کا کوڈ : 114216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش