0
Sunday 20 Nov 2011 20:00

مباہلہ دین خدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کیلئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی

مباہلہ دین خدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کیلئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی

اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ یہ دن خاصان خدا کی طرف سے دین خدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کے لئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے، جس کی وجہ سے دین حق سے انکار کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں اور پھر جس دین کی سچائی کو دنیائے عالم پر واضح کرنے کے لئے رسول خدا اپنے اہل بیت اطہار ع کے ہمراہ مباہلے کے لئے نکل پڑے ہوں، یہ امر عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالاخر دنیائے عالم کو دین حق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا کیونکہ دین اسلام ہی بالاخر انسان کی دنیوی و اخروی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا روز مباہلہ پیغمبر گرامی نے اپنے حقیقی جانشینوں کا تعارف کرا کے یہ بات رہتی دنیا تک کے لئے واضح کر دی کہ سسکتی اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کے لئے اگر کوئی نمونہ عمل ہے تو وہ خانوادہ رسالت کے علاوہ کوئی اور نہیں کیونکہ خانوادہ عصمت و طہارت نے اپنے عمل و کردار کے ذریعے دنیائے عالم کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کیا اور معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور بدی کی قوتوں کے خلاف اعلان جہاد بلند کر کے بلاتفریق مذہب و مسلک، رنگ و نسل، انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عید مباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور راہ حق پر عمل پیرا ہو کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو بہتر بنانے کی سعی و کوشش کریں گے۔

خبر کا کوڈ : 115633
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش