0
Monday 14 Nov 2011 23:01

یوم غدیر امیرالمومنین حضرت علی ع کی ولایت و امامت کے اعلان کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی

یوم غدیر امیرالمومنین حضرت علی ع کی ولایت و امامت کے اعلان کا دن ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ’’عید غدیر‘‘ کی مناسبت سے اسلامیان عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن تکمیل دین کی سند کے طور پر اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ع کی ولایت کے اعلان کے طور پر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں، حج بیت اللہ کے بعد غدیر جیسے تاریخی میدان میں اس کی تکمیل کا زبان وحی سے اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالاخر دنیائے عالم کو دین حق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا کیونکہ دین اسلام ہی بالآخر انسان کی دنیوی و اخروی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔
 
علامہ ساجد نقوی نے کہا یوم غدیر امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالب ع کی ولایت و امامت کے اعلان کا بھی دن ہے، جنہوں نے پیغمبر گرامی کے جانشین کے طور پر بعد از پیغمبر ص بیک وقت تطہیر نفس اور تطہیر نظام کی طرح ڈالی اور اسے عملی طور پر ثابت کر دکھایا۔ آپ ع نے تطہیر نفس کے لئے تقویٰ، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں، جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کے لئے عدل و انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کے لئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کے اندر ذاتی اور اجتماعی رہنمائی کے لئے تمام خصوصیات اور شرائط موجود تھیں، جس سے ایک عام انسان سے لے کر دنیا پر حکمرانی کرنے کے خواہش مند شخص کے لئے مکمل استفادے کا سامان موجود ہے، اور آپ کی سیرت و کردار اور عمل اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
 
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عید غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ دین حق کی سربلندی، ترویج اور امام برحق حضرت علی ابن ابی طالب ع کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بناتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 113979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش