0
Thursday 8 Dec 2011 14:52

صدر علاج کیلئے باہر جانے پر راضی نہ تھے، باہمی مشورے سے دبئی بھیجا، گیلانی

صدر علاج کیلئے باہر جانے پر راضی نہ تھے، باہمی مشورے سے دبئی بھیجا، گیلانی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کابینہ سے خطاب میں کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری علاج کے لئے بیرون ملک جانے پر راضی نہ تھے، انہیں باہمی مشورے سے باہر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر اپنے طبی معائنے کیلئے باہر گئے اور اب انکی طبیعت بہتر ہے۔ اس سے قبل کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر علیل صدر آصف زرداری کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ آج پرائم منسٹر سیکریٹریٹ میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں موسم سرما کے گیس لودمینجمنٹ پلان پر غور کیا جا رہا ہے، اجلاس کے شرکاء ملک کی تازہ ترین صورتحال، امن و امان کے لئے کئے اقدامات پر بھی غور کر رہے ہیں۔ کابینہ کے فیصلوں کا اعلان آج بعد میں کیا جائے گا۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صدر مملکت کی حالت اب بہتر ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔ کابینہ اجلاس کو بریفنگ میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو رات کے وقت تکلیف ہوئی۔ وہ اسپتال جانے کے لیے راضی نہ تھے، تاہم بلاول بھٹو زرداری کو بلا کر صدر کو قائل کیا گیا، جس پر صدر نے اپنے ڈاکٹر سے چیک اپ کرانے پر اتفاق کیا اور اب ان کی حالت بہتر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیٹو حملے کے بعد کابینہ کی دفاعی کمیٹی کی جانب سے امریکا سے شمسی ائربیس خالی کرانے اور نیٹو سپلائی لائن بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو حملہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تھا۔ ملک کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جا رہے ہیں۔ 

کابینہ اجلاس میں گیس لوڈ مینیجمنٹ منصوبے پر بھی غور ہوا، جس کے تحت صنعتی شعبے کے لیے چار سے پانچ دن گیس کی بندش اور کھاد کے شعبے کے لیے جنوری سے گیس کی فراہمی معطل کرنے کے حوالے سے اصولی فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 120603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش