0
Friday 16 Dec 2011 22:56

ایران اور خیبر پختونخوا چیمبر کے مابین تجارت کے فروغ پر اتفاق

ایران اور خیبر پختونخوا چیمبر کے مابین تجارت کے فروغ پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ ایران اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تجارت کے فروغ کے لئے تاجروں کے وفود کے تبادلوں اور مصنوعات کی دو طرفہ نمائش کے لئے ٹھوس اقدامات پر اتفاق کیا ہے، ایران کے قونصل جنرل حسن درویش وند نے چیمبر کی سطح پر وفود کے تبادلے کی یقین دہانی کرائی، وہ خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے، اس موقع پر چیمبر کے صدر عفان عزیز کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیمبر کے نائب صدر ضیاء الحق سرحدی، امان اللہ خان مہمند، غضنفر بلور، حاجی محمد اسرار سمیت تاجر برادری نے شرکت کی، ایرانی قونصلر جنرل حسن درویش نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے پاکستان کے ساتھ کئی عشروں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی مضبوطی کے لئے خیبر پختونخواکے تاجروں کو آگے آنا ہوگا، پاکستانی تاجروں کو ایرانی منڈیوں تک رسائی دینے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جائیں گے، انہوں نے پاکستان میں بجلی بحران کے خاتمے کے لئے 5000 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی بھی پیش کش کی ہے، پاکستان میں بجلی کی پیداوار 13000 میگاواٹ جبکہ طلب 18000 میگاواٹ ہے، اس کے برعکس ایران میں بجلی کی طلب 50 ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار 55 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ ایران پاکستان کو گیس فراہم کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔
قبل ازیں چیمبر کے صدر عفان عزیز نے ایرانی قونصل جنرل کو پاکستانی تاجروں کی ایرانی منڈیوں تک رسائی، تجارت کے لئے ریلوے نظام کو فعال بنانے اور زاہدان تفتان بارڈر سے تجارت کے لئے اقدامات کی تجاویز پیش کیں کیونکہ بندر عباس پورٹ سے تجارتی روٹ انتہائی صبر آزما ہے اور جہاز کو ایران پہنچنے میں 2ہفتے لگ جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بینکاری نظام کی بحالی کیلئے اقدامات بھی ناگزیر ہیں، بہتر تجارت کے لئے دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے بینک کھولے جائیں، حسن درویش نے کہا کہ کوئٹہ سے تفتان تک پرانی ریلوے لائن ہے، اسے ایرانی حکومت نے دیگر شہروں تک بڑھادیا ہے اور پاکستان کو ریلوے کے ذریعے ایران کے راستے یورپ تک بھی رسائی مل گئی ہے جبکہ پاکستان سے ایران تک پروازوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے صرف 3 پروازیں ایران جاتی ہیں جو قابل افسوس ہے، اس کے لئے وزیراعلیٰ حیدر خان ہوتی سے پشاور سے ایران کے کسی بھی شہر تک پرواز کی درخواست کردی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران کا پیسہ پاکستانی بینکوں اور پاکستان کا پیسہ ایرانی بینکوں میں قابل قبول بنانے کی تجویز پر بھی غور شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے حالیہ دورہ ایران کو دو طرفہ تعلقات کے لئے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ ایران اور خصوصا خیبر پختونخوا کی تجارت و تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 122768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش