0
Tuesday 20 Dec 2011 01:04

گرفتار شدت پسندوں کو جلد عدالتوں میں پیش کیا جائیگا، جی او سی سوات

گرفتار شدت پسندوں کو جلد عدالتوں میں پیش کیا جائیگا، جی او سی سوات
اسلام ٹائمز۔ جی او سی سوات میجر جنرل غلام قمر نے کہا ہے کہ سوات میں دوبارہ شدت پسندوں کو سر اٹھانے نہیں دیں گے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، گرفتار شدت پسندوں کو جلد عدالتوں میں پیش کیا جائیگا، سوات کے عوام اور صحافیوں نے امن کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بریگیڈئر سجاد، آئی ایس پی آر کے ترجمان کرنل عارف محمود اور پاک فوج کے دیگر افسران بھی موجود تھے، میجر جنرل غلام قمر نے کہا کہ سوات میں شدت پسندی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، شدت پسندوں کے سوات میں دوبارہ داخل ہونے کے تمام تر راستے بند کئے جاچکے ہیں، جبکہ سوات کے عوام کو تحفظ دینے کی ہر ممکن کو شش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ سوات میں مکمل امن قائم ہے اور اگلے ماہ ملم جبہ میں سکی فیسٹول منعقد کیا جائیگا، جس میں پورے ملک کے سیاحوں کو مدعو کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات انتظامیہ کے پاس ہیں لیکن بعض اوقات امن کی بہتری کیلئے پاک فوج کو اقدامات اٹھانا پڑتے ہیں، عوام کی مشکلات کے خاتمے کیلئے دو ہفتوں کے اندر اندر چیکنگ کا جدید نظام متعارف کیا جائیگا اور سوات کے تمام اہم مقامات پر کیمرے نصب کئے جائیں گے، میجر جنرل غلام قمر کا کہنا تھا کہ بارڈر پر شدت پسندوں کی کارروائیاں روکنے کیلئے دیر افغانستان بارڈر پر ایک بریگیڈ فوج تعینات کی گئی ہے، جس سے شدت پسندوں کے حملے رک گئے ہیں اور تین حملوں میں شدت سندوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، انہوں نے سوات پریس کلب کی سابقہ کابینہ کی کاوشوں کو سراہا اور نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سوات کے صحافیوں نے امن کے قیام میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ان کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 123620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش