0
Thursday 29 Dec 2011 06:24

بعید نہیں کہ انتخابات سے پہلے مصر، تیونس اور مراکش کی طرح پاکستان میں بھی انقلاب آجائے، منور حسن

بعید نہیں کہ انتخابات سے پہلے مصر، تیونس اور مراکش کی طرح پاکستان میں بھی انقلاب آجائے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر بھی اسلام کے بابرکت نظام کے لیے تڑپ موجود ہے اس لیے بعید نہیں کہ انتخابات سے پہلے مصر، تیونس اور مراکش کی طرح یہاں بھی انقلاب آ جائے۔ پندرہ پندرہ سال ایک پارٹی میں گزارنے کے بعد اسے چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں جانے والے پہلی پارٹیوں کے کالے کرتوتوں سے عوام کو آگاہ کریں۔ ان کی ناکامیوں کا کچا چھٹا قوم کے سامنے کھولیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ گیلانیوں، زرداریوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور ایسے لوگوں سے ہمیشہ کے لیے قطع تعلق کیا جائے جنہوں نے ملک و قوم کو بحرانوں میں مبتلا کیا ہے۔ میمو سکینڈل سازش سے ملک کو بچانے کے لیے نام نہاد اپنوں اور امریکی گماشتوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ زرداری کے ہوتے ہوئے انتخابات نہیں ہوں گے، اگر ہو گئے تو وہ زرد انتخابات ہوں گے جن سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکی مداخلت اور بالادستی کو ختم کرنے کے لیے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے چھٹکارا پانا ہو گا۔ لاکھوں من بارود کی بارش کر کے معصوم لوگوں کے قتل عام کے باوجود امریکہ اور نیٹو افغانستان میں ذلت آمیز شکست سے دوچار ہو چکے ہیں۔ ملک سے ظلم و جبر کے خاتمے کی راہ میں امریکہ اور اس کا نظام سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ 

جلسے سے سراج الحق، پروفیسر محمد ابراہیم، شبیر احمد خان، ضلعی امیر مولانا تسلیم اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید منور حسن جب کرک سے دس میل پہلے نیازی اسٹاپ پر پہنچے تو سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے بڑے قافلے کے ہمراہ کرک شہر میں جلسہ گاہ میں پہنچے۔
 
سید منور حسن نے سرائے نورنگ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اندھیروں کا مقابلہ عزم صمیم سے کر رہی ہے۔ مغرب کا اللہ سے بغاوت اور ظلم و استحصال کرنے والا نظام بالآخر ختم ہو رہا ہے اس کے ماننے والے ہی اس کے خلاف لاکھوں کی تعداد میں سراپا احتجاج ہیں۔ امریکہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو شکست دے کر ہی اسلامی نظام قائم کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے عوام اللہ اور اس کے رسول کے غلام ہیں۔ وہ کسی امریکہ کے غلاموں کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے اس بیان کی شدید مذمت کی جس میں اس نے کہا تھا کہ مہنگائی سے نجات پانے اور ملک کی خوشحالی کے لیے ایٹمی پروگرام بند کرنا ہو گا۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ یہ امریکی اور اسرائیلی ایجنڈا اور بھارت کو خطے میں بالادستی قائم کرنے کا ہتھکنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم شہادت کی موت اور سعادت کی زندگی کی طلبگار ہے۔ ہم امریکی غلامی اور بھارتی بالادستی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ 2014ء تک واپس جانے اور نکل جانے کے جھوٹے وعدے کر رہا ہے۔ اس کی سینٹرل ایشیا کے وسائل، تیل اور گیس کے ذخائر پر رال ٹپک رہی ہے۔ وہ خود نہ گیا تو اپنی فوج کو زندہ نکال کر لے جانے کے بجائے مجاہدین کے ہاتھوں مروا کر تابوتوں میں لاشیں ہی لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کے دنوں میں وارے نیارے ہو گئے ہیں وہ کس منہ سے قوم پرستی کے دعوے کرتی ہے جبکہ اس نے ڈالروں کے عوض ہزاروں پختونوں کو قتل کروانے میں امریکہ کا ساتھ دیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے خواہ جو بھی بھیس بدل لیں انشاءاللہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر ان سے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب لے گی انھوں نے کہاکہ اے این پی حکومت صوبے کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے جس نے صوبے کو دہشت گردی بدامنی بے روزگاری اور کرپشن کے حوالے کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جماعت اسلامی برسراقتدار آ کر کرک میں پریشان خٹک یونیورسٹی قائم کرے گی۔ 

انھوں نے اس موقع پر کر ک سے قومی اسمبلی این اے 15 کے لیے مولانا محمد تسلیم اقبال پی کے 40 کرک کے لیے مولانا سمیع الرحمن پی کے 41 کے لیے محمد اعظم ہمایوں کے جماعت اسلامی کے امیدواروں کی حیثیت سے نامزدگی کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 125895
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش