0
Wednesday 28 Dec 2011 23:24

سی آئی اے، موساد اور را پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پرحملہ آور ہونا چاہتی ہیں، منور حسن

سی آئی اے، موساد اور را پاکستان کے ایٹمی اثاثوں پرحملہ آور ہونا چاہتی ہیں، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ سی آئی اے، را، موساد وغیرہ وطن عزیز کو اپنے گماشتوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرکے اس کے ایٹمی اثاثوں پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں، پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کیخلاف سازشوں کے تانے بانے بننے جارہے ہیں، میمو گیٹ سازشوں کی ایک کڑی ہے، جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر ملک کو امریکی غلامی سے نجات دلائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کر ک میں جما عت اسلامی کے زیراہتمام پاکستان بچاؤ ریلی اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، منور حسن نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اورحامیوں کو ملک کو امریکی گماشتوں کی حکومت سے آزادی دلانے کے لیے ایک عظیم الشان انقلابی جدوجہدکے لیے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی انتخابات ہوئے جماعت اسلامی ان میں بھرپور حصہ لے گی لیکن تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں ہو سکتا ہے کہ انتخابات سے پہلے انقلاب کا مرحلہ آجائے اور مصر، تیونس، الجزائر اور لیبیا کی طرح پاکستان میں جماعت اسلامی کی قیادت میں ایک عظیم الشان اسلامی انقلاب برپا کرنے کامرحلہ طے ہوجائے۔
انہوں نے نعرہ تکبیر۔۔اللہ اکبر اور انقلاب،انقلاب۔۔ اسلامی انقلاب کے پرجوش نعروں میں اعلان کیا کہ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر محمود و ایاز کو ایک صف میں کھڑا کردیگی، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شکنجوں کوتوڑدیں گے، بے روزگاری، مہنگائی اور قرضوں سے ملک و قوم کو نجات دلائیں گے، ملک میں شریعت نافذ کریں گے، وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا، بجلی اور گیس کے بحران کو ختم کردیں گے اور ملک کو توانائی کے میدان میں خودکفیل بنادیں گے، انہوں نے کہا کہ صنعتی و کارورباری سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا، زراعت کو ترقی دیں گے، شہری آبادی کے ساتھ ساتھ دیہی آبادی کو بھی زندگی کی تمام سہولیات فراہم کریں گے، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کی گو امریکا گو تحریک کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، امریکہ اور ناٹو افغانستان میں شکست کھا چکے ہیں، برطانوی اور روسی استعمار کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد افغان قوم نے امریکی استعمار کو بھی تاریخی ہزیمت سے دوچار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی استعمار ڈوب رہاہے اور اس کا سرمایہ دارانہ نظام بھی زمین بوس ہونے والاہے اور مستقبل اسلامی انقلابیوں کاہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح مصر، تیونس، الجزائز اورلیبیا میں اسلامی جماعتوں کی قیادت میں عوام نے امریکی گماشتوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کیا ہے اس طرح پاکستان میں بھی جماعت اسلامی عظیم الشان انقلابی جدوجہد کی قیادت کریگی اور امریکی پٹھوں سے ملک کونجات دلائیگی، انھوں نے جلسہ گاہ میں موجود ہزاروں لوگوں سے یہ عہد لیا کہ وہ جماعت اسلامی کاساتھ دیں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کے خلاف سازشوں کے تانے بانے بنے جارہے ہیں اور میموگیٹ بھی دراصل انھی سازشوں کی ایک کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ سی آئی اے، را، موساد وغیرہ وطن عزیز کو اپنے گماشتوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرکے اس کے ایٹمی اثاثوں پرحملہ آور ہونا چاہتے ہیں اور پاکستان کے اسلامی تشخص کوسبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ہم جہاد کا نام نہ لیں، شریعت کا ذکر نہ کریں، کیوں کہ اس سے انتہاپسندی کو تقویت ملتی ہے لیکن جماعت اسلامی ڈنکے کی چوٹ پر اعلان کرتی ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور جب تک ہم زندہ ہیں اسلام جہاد اور شریعت کا نام لیتے رہیں گے۔
منور حسن نے کہا کہ عرب دنیا میں چلنے والی اسلامی بیداری کی لہر پاکستان میں داخل ہونے کو ہے، پاکستان میں کروڑوں مسلمان موجود ہیں لیکن یہاں اسلامی شریعت نافذ نہیں، انہوں نے استفسار کیا کہ آخرت میں ہم کیاجواب دیں گے؟ وقت آگیا ہے کہ ہم سب اسلامی نظام کے لیے اٹھ کھڑے ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ق، اے این پی اور دیگر جماعتوں سے جو لوگ نکل کر نئی پارٹیوں میں شامل ہورے ہیں ان کاخیال ہے کہ محض لبادہ بدل کر اور اپنے ماتھوں پر نئے لیبل لگا کر پاک صاف ہوں گے، قوم ان سے پوچھے گی کہ وہ پہلے جن پارٹیوں میں تھے اور انہوں نے ملک وقوم کو جس تباہی وبربادی سے دوچار کیا ان میں خود ان کا کتناحصہ تھا اور وہ قوم کویہ بھی بتائیں کہ ان کی پرانی پارٹی نے ملک وقوم کو کس طرح لوٹا اور اسے غیروں کا دست نگر بنا دیا، انہوں نے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لیے رول ماڈل ہے، کرک میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستان بچاؤ ریلی میں عوام کی شرکت نے ہمیں نیا حوصلہ دیا ہے، انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ آگے بڑھیں اور جماعت اسلامی کے کارکن بنیں اور ملک میں عظیم الشان تبدیلی اورانقلاب کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 125890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش