0
Sunday 1 Jan 2012 20:14

تحریک انصاف کے کسی امیدوار پر کرپشن ثابت ہو گئی وہ ٹکٹ سے محروم ہو جائے گا، عمران خان

تحریک انصاف کے کسی امیدوار پر کرپشن ثابت ہو گئی وہ ٹکٹ سے محروم ہو جائے گا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایسے منصوبے تیار کرے گی جس سے مخصوص طبقے کی بجائے عوام کی اکثریت مستفید ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ میں پاکستان کو کرپشن سے پاک اور ایک حقیقی اسلامی ریاست کی شکل میں دیکھنا چاہتا ہوں جہاں عوام کو انصاف، صحت اور تعلیم کی سہولیات دستیاب ہوں۔ عمران نے مزید کہا کہ میں نے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور درپیش مسائل کے لئے بہترین ٹیم تشکیل دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی شیڈو کابینہ نے سرکاری اداروں اور شعبوں کی بہتری کے لئے پالیسی پیپر تیار کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں لاہور اور کراچی میں اس قدر لوگوں کے جمع ہونے کی توقع نہیں تھی، تاہم گزشتہ برسوں کے حالات کو یہ توقع ضرور تھی کہ ہم لوگوں کو گھروں سے باہر لانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

پرانے چہروں کی پارٹی میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں وہی لوگ شامل ہو رہے ہیں جنھوں نے ہمارے پروگرام کو تسلیم کیا ہے، پہلے کہا جاتا تھا کہ ہمارے پاس کوئی ٹیم نہیں، اب جب ٹیم بن رہی ہے تو لوگوں نے اس پر سوال اٹھانا شروع کر دیئے ہیں، یہ ہمارے خلاف ناکام جماعتوں کا پروپیگنڈہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے لئے سیاستدانوں کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہو گا۔ عمران خان نے بتایا کہ تحریک انصاف نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو پارٹی میں شامل ہونے والے سیاستدانوں کے اثاثوں کی چھان بین کا کام کر رہی ہے اور کسی پر مالی کرپشن ثابت ہو گئی تو اسے انتخابی ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔ 
خبر کا کوڈ : 126796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش