0
Monday 2 Jan 2012 19:04

پاک فوج اس وقت امریکی سازشوں کا ہدف بنی ہوئی ہے، صاحبزادہ فضل کریم

پاک فوج اس وقت امریکی سازشوں کا ہدف بنی ہوئی ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ کراچی کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ اس وقت پاک فوج امریکی سازشوں کی زد میں ہے اس لیے فوج کی مخالفت امریکہ کی حمایت کے مترادف ہے۔ پاکستان میں موجود امریکی ایجنٹوں کو فوج کا وجود کانٹے کی طرح کھٹکتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان میں امریکہ اور اس کے سرمائے کا عمل دخل ختم کرنے کے لیے محب وطن طبقات متحد ہو جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ سیاسی فرعونوں سے نجات حاصل نہ کی گئی تو کرپشن کا سونامی سب کچھ بہا لے جائے گا، ناکامی اور بدنامی حکمرانوں کا ٹریڈ مارک بن چکی ہے، موروثی سیاست سے نجات کا وقت آ گیا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ گیس بحران کی وجہ سے گھروں، کارخانوں اور ٹرانسپورٹ سمیت پورا نظام زمین بوس ہوتا دکھائی دے رہا ہے، گیس کی عدم دستیابی نے صنعتوں کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور قومی معیشت کی نبضیں ڈوب رہی ہیں، عوام کے زخموں پر مزید نمک پاشی بجلی، گیس، سی این جی اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی صورت میں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے پاکستان کا ہر شہری اس سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے، اس لیے حکومت جنگی بنیادوں پر گیس اور بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے مزید کہا کہ تمام بڑے حکومتی ادارے سفید ہاتھی بن چکے ہیں، حکومت بینکوں سے دھڑادھڑ قرضے لے رہی ہے جنہیں غیرپیداواری مقاصد پر خرچ کیا جا رہا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 127045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش