0
Wednesday 11 Jan 2012 19:28

پرویز مشرف نے خوف سے ٹیلی فون کال پر پاکستانی قوم کو امریکہ کا غلام بنا دیا، عمران خان

پرویز مشرف نے خوف سے ٹیلی فون کال پر پاکستانی قوم کو امریکہ کا غلام بنا دیا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف نورا کشتی کے بعد اب سیریس کشتی کر رہے ہیں، بیوی کے کاغذ کے ٹکڑے (وصیت) اور جنرل جیلانی کی مدد والے نظریے پر لڑنے اور سٹینڈ لینے والے لیڈر نہیں ہو تے، مجھ میں ’’میں ‘‘ اور خوف کا کوئی بت نہیں، میں کسی کے سفارش سے آگے آیا ہوں نہ شر یفوں، زرداریوں اور مخدوموں سے کوئی خطرہ ہے، دنیا کی سب سے بڑی نعمت ایمان ہے اور میں ہمیشہ سکون کی نیند سوتا ہوں کبھی نیند کی گولیاں نہیں کھاتا، میں بدنیت نہیں ہوں نئے شامل ہونیوالے یا تو میرے نظریے پر آئیں گے یا پارٹی چھوڑ کر چلے جائیں گے، کوئی ہماری پارٹی ہائی جیک نہیں کر سکتا کوئی سیاسی قوت تحریک انصاف کو قائداعظم کا نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتی، آج دنیا میں پتلے ہیں اوباما تو دور کی بات کسی بھی امریکی گورے کے سامنے جھک جاتے ہیں، قائد اعظم دلیر اور ایماندار لیڈر ہیں، الطاف حسین کی دہشت کیخلاف کل بھی کھڑا تھا اور اب بھی کھڑا ہوں، قوم بھوک سے مر رہی ہے اور حکمران بادشاہوں کی طر ح قوم کے پیسے پر محل بنا رہے ہیں۔
 
ایوان میں اقبال میں اپنی کتاب کی رونمائی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ مغرب کے لوگوں کے دلوں سے اللہ نکل چکا ہے اور میری زندگی میں سب سے بڑی تبدیلی ایمان کے ذریعے آئی ہے اور جب کسی کے دل میں اللہ ایمان ڈال دے تو وہ اقبال کا شاہین اور قوم کا حقیقی لیڈر بن جاتا ہے کیونکہ پھر اسکے دل میں کوئی دوسرا خوف نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسی میں ایمان نہ ہو وہ کبھی اپنی فطرت بدل سکتا ہے اور نہ اپنے دل میں موجود خوف کے بت کو توڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ مال اور فیکٹریاں بنانے میں لگے ہوئے ہیں وہ کبھی قوم کیلئے کچھ نہیں کر سکتے کیونکہ ان کے دلوں میں خوف ہے اور ایمان نام کی کوئی چیز نہیں، جب تک انسان خوف کا بت نہیں توڑتا وہ کبھی بڑا انسان نہیں بن سکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شر یف نورا کشتی کے بعد اب سیریس کشتی کر رہے ہیں اور اپنے خوف کی وجہ سے پوری قوم کی غلامی کے خوف میں دھکیل دیا ہے اور دونوں کو مزید 10 سال بھی حکومت کرنے کیلئے دے دیئے جائیں تو یہ وہی گند کرینگے جو پہلے کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں مگر حکمران بادشاہوں کی طرح زندگیاں گزار رہے ہیں اور اربوں روپے کے صوبدای فنڈز سے محل اور اپنے گھروں کو جانے والی سڑکیں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں جب کرکٹ میں تھا اس وقت بھی، جب میں نے ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تو اس وقت بھی اور جب سیاست میں آیا اس وقت بھی لوگوں نے میرا مذاق اڑیا مگر میں نے ایمان کی طاقت کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھی اور اللہ نے مجھے ہمیشہ کامیابی دی۔ 

انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کے لوگوں اور ملک کے نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ آپ نے ہی اس ملک کو لیڈر شپ دینی ہے اور کسی سے خوفزدہ ہونا ہے اور نہ ہی کرسی کے پیچھے بھاگنا ہے کیونکہ جب انسان کر سی کے پیچھے بھاگتا ہے تو وہ بڑا مقصد حاصل نہیں کر سکتا۔ 2008 کے انتخابات کے بائیکاٹ کے بعد مجھے بھی کہا گیا کہ تحریک انصاف کی سیاست ختم ہو چکی ہے مگر آج تحریک انصاف مضبوط ترین جماعت بن چکی ہے اور کوئی اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے بھی امریکیوں کے کھوکھلے خوف سے ایک ٹیلی فون کال پر پاکستانی قوم کو امریکہ کا غلام بنا دیا اور شہباز شریف نے 28 اکتوبر کو ایک خوف میں آ کر ہمارے جلسے سے پہلے جلسہ کر دیا جس سے ہمیں بہت زیادہ فائدہ ہوا تھا۔ 
خبر کا کوڈ : 129524
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش