0
Saturday 21 Jan 2012 00:52

سانحہ خانپور، سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے، شیعہ علماء کونسل

سانحہ خانپور، سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے، شیعہ علماء کونسل
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام سانحہ خانپور کے خلاف یوم سوگ منایا گیا، اس سلسلے میں مرکزی مظاہرہ بعد از نماز جمعہ خوجہ مسجد کھارادر کے باہر منعقد کیا گیا، جس میں اہل تشیع نے بھرپور تعداد میں شرکت کی، مظاہرین سے خطاب شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر مولانا جعفر سبحانی اور شیعہ علماء کونسل کراچی سٹی کے صدر مولانا علی محمد نقوی اور مولانا منور نقوی نے کیا۔ مقررین نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں کوئی جگہ ایسی نہیں ہے کہ جہاں دہشت گردی نہ ہوئی ہو، اس ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، حکومت دہشت گردوں کے آگے بے بس نظر آتی ہے، عملاً ملک دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے، حکومت ناکام ہو چکی ہے، اس کا سب سے بڑا ثبوت خانپور میں جلوس کے دوران ہونے والی دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بم دھماکہ سکیورٹی فورسز کی نااہلی کا نتیجہ ہے کہ جب سب جگہیں کلیر کر دی گئیں تو پھر یہ دھماکہ کیسے ہوا، بم کیسے وہاں لایا گیا اور ایک نہیں تین بم نصب کر دئیے گئے اور انتظامیہ کو معلوم ہی نہیں، اس پر یہ کہ بم دھماکہ کے بعد انتظامیہ نے یہ بیان چلوایا کہ یہ پی ایم ٹی میں دھماکہ ہوا ہے، تاکہ اپنی نااہلی کو چھپا سکے اور باقی دو بم برآمد کر لئے گئے، لگتا ایسا ہے کہ یہ سب کام ایک منصوبہ بندی سے کیا گیا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ یہ احتجاجی مظاہرے حکومت اور انتظامیہ کو متنبہ کرنے کیلئے ہیں کہ ہم اپنے قائد مجبوب کے اشارے کے منتظر ہیں، حکومت ہمارے صبر کو بزدلی سمجھ بیٹھی ہے، جو کہ بالکل غلط ہے اور ہم نے صرف پاکستان کی سالمیت کے لئے صبر کیا ہوا ہے، لیکن حکومت اس سے زیادہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لے اور اگر حکومت نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو ہم اپنے دفاع کرنے کا حق رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہمارے بے گناہ شیعوں کو شہید کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف پنجاب اور سندھ میں ہمارے ہی بے گناہ شیعہ مومنین کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 131885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش