0
Thursday 2 Feb 2012 23:49

جماعت اسلامی ملتان کا 17 فروری کو ہونے والا جلسہ ملتوی

جماعت اسلامی ملتان کا 17 فروری کو ہونے والا جلسہ ملتوی
اسلام ٹائمز۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک ظالمانہ اقدام ہے، جس سے مہنگائی کا ایک طوفان آئے گا، قوم پہلے ہی مہنگائی و بیروزگاری اور غربت کے ہاتھوں تنگ آکر خود کشیاں کرنے پر مجبور ہے، حکومت ظالمانہ اقدام سے باز آئے، سیاستدان عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کریں، ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان پرو فیسر افتخار چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل رائو ظفر اقبال  مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملتان میں جماعت اسلامی کا 17 فروری کو ہونے والا جلسہ عام اب 30 مارچ کو کچہری تا گھنٹہ گھر روڈ پر ہوگا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن خطاب کرینگے، مقررین نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے نیٹو سپلائی بحالی کی تو ملک میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا اور سپلائی لائن کے تمام راستے بند کردیئے جائیں گے، 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا جائیگا قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرے گی۔
 
اجلاس میں مزید کہا گیا کہ ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں دفاع پاکستان کونسل اور جماعت اسلامی سمیت دیگر دینی جماعتوں کے جلسوں کی شاندار کامیابی اور عوام کی بھر پور شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ملک کے عوام قرآن و سنت کے نظام کے علاوہ کسی اور نظام کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں، یہ عوامی جلسے موجودہ فرسودہ اور ناکام نظام اور حکمرانوں کی غلامانہ امریکہ نواز پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اسلام اور دفاع پاکستان کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام و ملک دشمن پالیسیوں سے باز رہیں، ملتان میں 30 مارچ کو ہونیوالا جلسہ عام ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے نوید سحر ثابت ہوگا اور امریکی غلامی سے نجات کا ذریعہ باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو انڈیا کو پسندیدہ ملک قرار دینے اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے، جلسے، جلوس اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے، جس میں پوری قوم بھر پور شرکت کرکے حکمرانوں کی کشمیر دشمن اور بھارت نواز پالیسیوں کو مسترد کردے گی۔
 
اجلاس میں رانا طارق نعیم، ڈاکٹر حفیظ انور، ڈاکٹر اشرف علی عتیق، میاں منیر احمد بودلہ، آصف محمود اخوانی، ڈاکٹر اورنگزیب شہزاد ،کلیم اکبر صدیقی، کنور محمد صدیق و دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 135012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش