0
Thursday 22 Oct 2009 13:42
شمالی وزیرستان،امریکی میزائل حملہ،القاعدہ رہنما ابو موسیٰ المصری ہلاک

فورسز نے شنگواری کی پہاڑی پر قومی پرچم لہرا دیا،حکیم محسود اور قاری حسین کے گھر تباہ

جنوبی وزیرستان آپریشن کو مکمل ہونے میں وقت لگے گا،جنرل اطہر عباس
فورسز نے شنگواری کی پہاڑی پر قومی پرچم لہرا دیا،حکیم محسود اور قاری حسین کے گھر تباہ
 پشاور،وانا:سیکورٹی فورسز جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہیں،آپریشن راہ نجات میں فورسز کی تازہ کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت تین اہلکار شہید ہو گئے۔ کارروائی میں حکیم اللہ محسود اور قاری حسین کے گھر بھی مسمار کر دیے گئے ہیں۔جبکہ فورسز نے شنگواری کی پہاڑی پر کنٹرول حاصل کر کے قومی پرچم لہرا دیا ہے۔بدھ کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق کوٹ کئی کے گرد پہاڑیوں پر چھپے دہشتگردوں کے ساتھ سیکورٹی فورسز کی شدید لڑائی میں ایک افسر اور ایک جوان شہید ہو گئے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے ملک شاہی کو محفوظ بنانے کے بعد منیر وام تک کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔کارروائی میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔ فورسز نے مندانہ کے مغرب میں منزئی کلی میں چیک پوسٹ قائم کر دی ہے اور اسپن کئی کے ارد گرد کے علاقہ میں اپنی پوزیشنیں مستحکم کر لی ہیں، شکئی،لدھا کے علاقہ میں فورسز نے پیش رفت کرتے
ہوئے تیارزئی قلعہ کے ساتھ ملانے والے گاؤں خیسورہ کو کلیئر کر دیا ہے، اس آپریشن میں 8 دہشت گرد مارے گئے، اس گاؤں کے کئی مکانات کو مورچوں میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ 2 میٹر موٹی کنکریٹ کے دیواروں کے حامل مضبوط مورچے بھی ملے ہیں۔
شمالی وزیرستان،امریکی میزائل حملہ،القاعدہ رہنما ابو موسیٰ المصری ہلاک
میرانشاہ:شمالی وزیرستان میں امریکی میزائل حملے کے نتیجے میں القاعدہ رہنما ابو موسی المصری ہلاک ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں ایک مکان پر ڈرون حملے کے نتیجے میں دو غیر ملکیوں سمیت تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ کے جنگجو ابو موسیٰ المصری بھی شامل تھے۔ مقامی پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق واقعہ بدھ کی شام کو صدر مقام میرانشاہ سے کوئی پانچ کلو میٹر پلگہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا۔ جب مبینہ طور پر شدت پسند ایک گاڑی میں دھماکہ خیز مواد رکھ رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہو
گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ کے جنگجو ابو موسٰی المصری بھی شامل ہیں۔
جنوبی وزیرستان آپریشن کو مکمل ہونے میں وقت لگے گا،جنرل اطہر عباس
اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے دشوار گزار علاقوں کی وجہ سے آپریشن کو مکمل ہو نے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کسی بھی قسم کا عدم استحکام پورے خطے کو متاثر کر سکتا ہے اس لئے ہر کوئی امن کیلئے سرحد کی دوسری طرف دیکھتا ہے۔غیر ملکی ادارے کو انٹرویو میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورسز بیت اللہ محسود کے ٹھکانے کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے تاہم یہ ایک پہاڑی علاقہ ہے جس میں کامیابی کی رفتار سست ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو دوسرے علاقوں سے کمک ملنے کے امکانات موجود ہیں تاہم پاک فوج کے اقدامات کی وجہ سے بڑی تعداد میں شدت پسند محصور علاقے میں داخل نہیں ہو سکتے۔



خبر کا کوڈ : 13642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش