0
Wednesday 21 Oct 2009 14:08

جنوبی وزیرستان:حکیم اللہ محسود کے گاؤں کا محاصرہ،جھڑپوں میں 30 جنگجو ہلاک،7 اہلکار شہید

آپریشن راہ نجات،6 غیر ملکی جنگجووٴں سمیت 13شدت پسند ہلاک
جنوبی وزیرستان:حکیم اللہ محسود کے گاؤں کا محاصرہ،جھڑپوں میں 30 جنگجو ہلاک،7 اہلکار شہید
وانا:جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن راہِ نجات جاری ہے جس میں مزید 30 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ جھڑپوں میں 7 اہلکار بھی شہید ہوئے ۔ سیکورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان کے امیر حکیم اللہ محسود کے آبائی علاقے کوٹکئی کا محاصرہ کر لیا،تیارزہ اور کوٹکئی میں شدت پسندوں اور سیکورٹی فورسزکے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز جیٹ طیاروں اور کوبرا ہیلی کاپٹرز کی مدد سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں جس میں ان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہو گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے منگل کی صبح ایک اہم پہاڑی سلسلے پر قبضہ کر لیا ہے۔ جو جنوبی وزیرستان کے مغرب میں واقع ہے ۔ سیکورٹی فورسز کے ایک اہلکار نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اس پہاڑی پر کنٹرول سے افغان شدت پسندوں کی جانب سے طالبان کی مدد کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق جنڈولہ کے علاقے کوٹکئی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو سیکورٹی فورسز کی بنائی جانیوالی چیک پوسٹوں پر طالبان نے حملے کئے۔جس کے نتیجے میں 7 سیکورٹی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوئے۔ کوٹکئی کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ کا گاؤں
ہے۔ فورسز نے ساری رات جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں پر توپ خانے سے بمباری کی ۔
آپریشن راہ نجات،6 غیر ملکی جنگجووٴں سمیت 13شدت پسند ہلاک 
وانا:جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے دوران چھ غیر ملکی جنگجوؤں سمیت تیرہ شدت پسند مارے گئے۔ جبکہ طالبان کے سربراہ کا گھر مسمار کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا ، مکین اور ملحقہ علاقوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فورسز کی جانب سے گولا باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سراروغا کے علاقے میں چھ غیر ملکی جنگجو مارے گئے،جبکہ مکین اور لدھا میں سات مقامی شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ علاقے میں فورسز کے زمینی دستے شدت پسندوں کے اہم ٹھکانوں کی طرف مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں۔کچھ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کو شدت پسندوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے ۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹکی میں طالبان کے سربراہ حکیم اللہ محسود اور خودکش حملہ آوروں کے ماسٹر مائنڈ قاری حسین کے مکانات فورسز نے مسمار کر دئیے ہیں۔ ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ایف سی کیمپ پر شدت پسندوں نے مارٹر توپوں سے حملہ کیا،تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔فورسز کی جوابی کارروائی میں تین شدت پسند مارے گئے۔
خبر کا کوڈ : 13587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش