0
Sunday 19 Feb 2012 22:37

شیعہ علماء کونسل راولپنڈی کا سانحہ پارہ چنار کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ

شیعہ علماء کونسل راولپنڈی کا سانحہ پارہ چنار کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر سانحہ پاراچنار کے خلاف تین روزہ سوگ اور احتجاج کے اعلان کے بعد پورے ملک کی طرح شیعہ علماء کونسل ضلع راولپنڈی کے جانب سے پریس کلب کے سامنے لیاقت باغ راولپنڈی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت ضلعی صدر علامہ اشفاق حسین وحیدی،علامہ فرحت جوادی اور دیگر علماء و اکابرین نے کی۔ 

مظاہرین نے علامہ ساجد نقوی کی تصاویر،احتجاجی بینرز،کتبے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاراچنار میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد شہادت کا رتبہ پانے والے شہیدوں کی عظمت کو سلام۔۔۔قاتلوں،دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کا کوئی مذہب نہیں۔۔۔سانحہ کی اعلی تحقیقات کے مطالبات۔۔۔پرامن احتجاجی مظاہرین پر سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کی مذمت اور سانحہ امن کے ضامن اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،کے نعرے درج تھے۔ 

اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اشفاق وحیدی اور دیگر مقررین نے کہا کہ ملت جعفریہ نے ملک کے طول و عرض میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا تحفظ کیا ہے اور ہماری قیادت نے ہمیشہ صبر و تحمل اور اتحاد و وحدت کی تلقین کر کے اپنے مہذب اور امن پسند ہونے کا ثبوت دیا ہے لیکن اس کے مقابل میں خان پور،ہری پور،ڈیرہ اسماعیل خان،کوئٹہ،کراچی اور اب پاراچنار میں ہمیں اپنے پیاروں کے لاشے اٹھانے پڑے ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا یہ خونی کھیل تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر اسے روکنے اور اس کے سامنے بند باندھنے کی کوئی ٹھوس اور سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی جس سے عوام میں تشویش،اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ملک اب زیادہ دیر تک ان سانحات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔شرپسندوں،دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز کی بیخ کنی کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات میں تاخیر اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔سانحہ پاراچنار کی اعلی سطحی تحقیقات کے ذریعہ اس سانحہ کے پس پردہ حقائق منظر عام پر آنا اور دہشت گردوں اور انکے سرپرستوں کو بے نقاب کرنا ازحد ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 139098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش