0
Saturday 31 Mar 2012 00:00

مرکز اور صوبوں میں بیٹھے حکمران امریکی غلامی میں ایک ہیں، سید منور حسن

مرکز اور صوبوں میں بیٹھے حکمران امریکی غلامی میں ایک ہیں، سید منور حسن

اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ وزیر اعظم کا نام یوسف رضا گیلانی اور کام اٹل بہاری واجپائی والے ہیں، مرکز اور صوبوں میں بیٹھے حکمران امریکی غلامی میں ایک ہیں، سب کا ایجنڈا امریکہ کو سپر پاور مان کر اس کی اطاعت و وفاداری کرنا ہے، ملکی مفاد کسی کو عزیز نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس گرائونڈ ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسے سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر سید وسیم اختر، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر اور مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ 

سید منور حسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جب اکیلے گو زرداری گو کا نعرہ لگایا تھا اسی وقت کھٹکا پیدا ہو گیا تھا کہ یہ زرداری کے خلاف عوامی تحریک کو ناکام بنانے کی چال ہے۔ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی بدترین اور ناکام ترین حکومت ہے، انتخابات کے غل غلے کے ساتھ ساتھ انہیں سبوتاژ کرنے کی سازشیں بھی جاری ہیں لیکن حکومت نے اپنا رویہ درست نہ کیا اور عوام سے انتخابات کا حق چھیننے، انتخابات کو سبوتاژ کرنے یا دھاندلی کے ذریعے مرضی کے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی تو بپھرے ہوئے لوگ سڑکوں پر آ کر فرعون حکمرانوں کو سبق سکھادیں گے، پاکستان کے عوام مصر کے عوام بن کر زرداری کو حسنی مبارک بننے پر مجبور کر دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ حکمران حالات کو سمجھیں اور امریکی غلامی چھوڑ کر عوام سے سرد مہری کا رویہ ختم کریں، گیلانی اداروں کی تباہی کے بعد اب عدلیہ سے تصادم کے ذریعے ملک کو تباہی سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، جب تک پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی حکومت میں رہیں گے بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہو گا اور نہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہائی ملے گی۔

خبر کا کوڈ : 149210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش