0
Sunday 1 Apr 2012 21:47

فلسطین اور کشمیر پوری امت مسلمہ کے مسائل ہیں، علی گیلانی

فلسطین اور کشمیر پوری امت مسلمہ کے مسائل ہیں، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ فلسطین اور کشمیر کو پوری امت مسلمہ کے مسائل قرار دیتے ہوئے حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ان تنازعات کو حل کئے بغیر دنیا میں پائیدار امن قائم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، ’’یومِ غزّہ‘‘ کے موقع پر فلسطینی اردُن سرحد پر جمع ہزاروں لوگوں کے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے علی گیلانی نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں کئی طرح کی مماثلتیں (Similarties) موجود ہیں اور دونوں مسئلوں کی ایک جیسی اہمیت اور افادیت ہے، حریت ترجمان ایاز اکبر نے بتایا کہ 30 مارچ جمعہ کو ’’یومِ غزّہ‘‘ منایا گیا اور اس سلسلے میں پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، جن میں غزّہ میں محصور 15لاکھ لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی گئی۔
 
ترجمان کے مطابق سب سے بڑا اجتماع فلسطینی اُردن سرحد پر ہوا، جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ حریت ترجمان کے مطابق حریت چیئرمین جو اس وقت دہلی میں مقیم ہیں کو بھی اس اجتماع میں تقریر کرنے کی دعوت دی گئی تھی اور انہوں نے اوکھلا دہلی جاکر ایک ٹیلی کانفرنس کے ذریعے سرحد پر جمع لوگوں سے خطاب کیا، ترجمان کے مطابق سید علی گیلانی نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل مئی 1948ء سے فلسطین پر قابض ہے اور اس نے یہاں کے لوگوں کی آزادی اور انسانی حقوق کو سلب کیا ہوا ہے، آج بھی اس خطے میں معصوم شہریوں کا قتلِ عام جاری ہے اور 40 لاکھ فلسطینی دنیا کے مختلف ممالک میں جبری وطن بدری کے تحت زندگی گزار رہے ہیں، حریت چیئرمین نے کہا کہ غزّہ شہر میں 15 لاکھ انسانی آبادی کو جبری طور محصور کیا گیا ہے اور ان کو نہ صرف زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے، بلکہ ان پر بے پناہ مظالم بھی ڈھائے جارہے ہیں۔
 
گیلانی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور قضہ کشمیر میں بہت ساری مماثلت پائی جاتی ہے۔  گیلانی نے ٹیلیفونک تقریرمیں کہا کہ اسرائیل نے اگر فلسطین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے تو کشمیر پر بھی 27 اکتوبر1947ء سے بھارت کا جبری قبضہ برقرار ہے، دونوں ریاستوں میں لوگ غیر ملکی تسلط کے خلاف پچھلے 60 سال سے جدوجہد کر رہے ہیں اور قابض قوتیں ان کی جدوجہد کو ملٹری پاور کے ذریعے سے دبانے کی کوشش کر رہی ہیں، انہوں نے کہا فلسطین میں نہتے شہری اگر اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، تو جموں کشمیر میں بھی عام لوگ دنیا کی بڑی جمہوریت کہلانے والے ملک بھارت کے جبرو استبداد میں جکڑے ہوئے ہیں اور ان پر بے پناہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ دونوں خطوں میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ریکارڈ بہت زیادہ خراب ہے اور عام لوگ عزت اور آزادی کے ساتھ جینے سے محروم ہیں، بقول گیلانی کے فلسطین اور کشمیر کسی خاص خطے یا قوم سے منسلک مسئلے نہیں ہیں، بلکہ یہ پوری امت مسلمہ کے مسئلے ہیں، جن کے ساتھ تمام مسلمانوں کا مفاد اور وقار وابستہ ہے، تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں ریاستوں کی آزادی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور یہاں کے لوگوں کی جدوجہد میں ان کی بھرپور معاونت کریں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ دنیا میں موجود انتشار، بدامنی اور اتھل پتھل کی بنیاد فلسطین اور کشمیر تنازعوں سے جڑی ہوئی ہے اور جب تک ان مسائل کو یہاں کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک دنیا کو زیادہ پُرامن جگہ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے۔
 
انہوں نے اسرائیل اور بھارت کو خبردار کیا کہ بدلتے عالمی حالات میں اب وہ فلسطین اور کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا جبری قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتے  اور عوامی انقلاب کے سامنے ان استعماری قوتوں کی اکڑ اور ضد کامیاب نہیں ہوسکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 149487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش