0
Saturday 26 May 2012 17:05

جس دل میں محبت رسول ص نہیں وہ ویران گھر کی مانند ہے، جماعت اہلسنت

جس دل میں محبت رسول ص نہیں وہ ویران گھر کی مانند ہے، جماعت اہلسنت

اسلام ٹائمز۔ مرکزی جماعت اہلسنت ضلع حیدرآباد کے نائب امیر قاری محمد شریف نقشبندی نے ہلالی مسجد لیاقت کالونی میں پانچویں ماہانہ درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین حسن چشتی اجمیری رحمة اللہ علیہ نے قرآن کریم کی تعلیمات اور سنت رسول کو اپنا کر 90 لاکھ کافروں کو حلقہ بگوش اسلام کیا اور پاک و ہند میں اسلام کی ترویج و اشاعت کر کے کفرستان ہندوستان کو دارالسلام بنا دیا۔ اس موقع پر قاری نیاز احمد نقشبندی، علامہ سید عبدالغنی شاہ، علامہ فرید جنید، ڈاکٹر محمد یونس دانش، سید منیر حیدرشاہ نے خطاب کرتے ہوئے خواجہ غریب نواز معین الدین حسن چشتی کی دین اسلام کے لئے گرانقدر خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ نے علم و عمل، زہد و تقوی، صبر و استقامت، جرات و شجاعت کے ساتھ ہندوستان کی سرزمین اجمیر شریف سے تبلیغ دین شروع کی اور حضرت داتا علی ہجوری کے مزار اقدس پر 40 دن عبادت و ریاضت کر کے ہدایت کا راستہ کھول دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ حضرت معین الدین چشتی نے راجہ جے پال کے جبر کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا، پرتری راج کو شکست دی اور اسلام کے لشکر کی فتح کا اعلان فرمایا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ خواجہ غریب نواز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے برائی کو برُا جانیں اور اسلام کے زریں اصولوں پر عمل کریں تو اللہ کی مدد حاصل ہو سکتی ہے۔ قاری محمد شریف نقشبندی نے کہا کہ قرآن مجید نے ایمان لانے کے بعد ایمان والوں کی آزمائش کا ذکر کیا، جس طرح پہلی امتوں کی آزمائش کی گئی ان کا امتحان لیا گیا اسی طرح امت مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے بھی ایمان لانے کے بعد امتحان کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمان والوں کی آزمائش یہ ہے کہ وہ برائی کے خلاف ڈٹ جائیں اور رسول اللہ ص کے دین کی حقانیت کے پرچم کو بلند رکھیں۔ اگر برائی کو ہاتھ سے روکنے کی طاقت نہیں تو زبان سے روکیں اور اگر اس کی بھی طاقت نہ ہو تو دل میں برُا جانیں جو ایمان کا سب سے کم تر جذبہ ہے۔ رسول اللہ ص کی محبت ہی اصل میں ایمان ہے، جس دل میں محبت رسول ص نہیں وہ ویران گھر کی مانند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مرکزی جماعت اہلسنت قرآن کی تعلیمات کے ذریعے محبت رسول ص کے پیغام کو قریہ قریہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ غریب نواز نے محبت رسول ص کے ذریعہ انسانوں کو دین کے مضبوط رشتے میں باندھ دیا۔ اسی ایمانی جذبے اور محبت رسول ص کی شمع کو پھر سے روشن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنایا جاسکے۔

خبر کا کوڈ : 165691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش