0
Monday 25 Jun 2012 15:19

خطے میں پائیدار امن کیلئے امریکی مداخلت کا خاتمہ ضروری ہے، سید وسیم اختر

خطے میں پائیدار امن کیلئے امریکی مداخلت کا خاتمہ ضروری ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں سے ملک و قوم کو شدید نقصان ہو رہا ہے، اقتدار کی بندر بانٹ نے عوام کو چہروں کی تبدیلی کے سوا کچھ نہیں دیا، پاکستان میں اہم عہدوں پر تقرری کا میرٹ زرداری سے وفاداری تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، ملک کو اندرونی و بیرونی سطح پر سنگین قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ محب وطن قیادت کے فقدان کو پورا کیا جائے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، امریکی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے جوکہ ناکام خارجہ پالیسی کا واضح ثبوت ہے، 40 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور 70 ارب ڈالر کا نقصان کروانے کے باوجود ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ شرمناک ہے، خطے میں پائیدار امن، خوشحالی و استحکام کے لئے ضروری ہے کہ امریکی مداخلت کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر قوم حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی، نیٹو سپلائی کی بحالی سلالہ پوسٹ کے شہیدوں کے خون سے غداری کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے، ملکی و غیر ملکی ایجنسیاں لوگوں کو اٹھا رہی ہیں، امریکہ، اسرائیل اور بھارت سمیت دنیا کی 20 سے زائد خفیہ ایجنسیاں گریٹر بلوچستان پر کام کر رہی ہیں، سیاسی و عسکری قیادت ناراض بلوچوں سے مذاکرات کرے۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہناتھا کہ پاکستان 71ء جیسے حالات کا دوبارہ متحمل نہیں ہو سکتا، حکومت کھلے دل سے بلوچی عوام کو ان کے حقوق دے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ کے عذاب نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، کاروبار ٹھپ اور صنعتیں بند ہو چکی ہیں، رینٹل پاور کو یومیہ 28 ہزار لیٹر پٹرول فراہم کرنے سے کرپشن میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے مسائل اور بحرانوں کے خاتمہ کیلئے امریکہ سے تعلق ختم کرنا ہو گا اسی میں ملکی بقا ہے۔
خبر کا کوڈ : 174110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش