0
Thursday 12 Jul 2012 23:05

حکومت پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے ڈرون گرانے کی پابند ہے، فضل الرحمن

حکومت پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے ڈرون گرانے کی پابند ہے، فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے علماء اور خطباء پر زور دیا ہے کہ جمعہ 13 جولائی کو نیٹو سپلائی کی بحالی کے حکومتی اقدام خلاف احتجاج کریں اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قرار دادیں منظور کریں کارکن مظاہرے کریں وہ یہاں پارٹی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع مولانا سید عبدالمجید ندیم شاہ، مولانا محمد امجد خان، مفتی ابرار احمد، مولانا جمیل الرحمن درخواستی، ڈاکٹر عتیق الرحمن، محمد اقبال اعوان، مولانا مفتی شمس الحق اور دیگر موجود تھے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت آنکھیں بند کر کے فیصلے کر رہی ہے جس کا نقصان قوم اور ملک کو ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نیٹو سپلائی بحال کر کے پارلیمنٹ کی قرار دادوں اور فیصلوں کو روند ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے لیے بنیادیں طے کر دی گئی ہیں ان پر عمل کرنے سے ہی ملک آزاد فیصلے کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی عالمی طاقتوں سمیت دنیا سے تعلقات کی مخالف نہیں لیکن اپنے مفادات کو قر بان کر کے تعلقات قائم کرنا دانشمندی نہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ڈرون حملوں کے ذریعے ملک کی سرحدات کو پامال کرنے کی دنیا کا کونسا قانون اجازت دیتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے ملک کی سلامتی پر حملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل کرتے ہوئے ڈرون گرانے کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پارلیمنٹ کے فیصلوں کو تسلیم کریں یہی جمہوریت کا حسن ہے اور اسی سے پارلیمنٹ کی حقیقی بالادستی نظر آئے گی۔

دریں اثناء جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت افراد کے تحفظ کے لیے بغیر سوچے سمجھے قانون سازی کر رہی ہے اسی وجہ سے جے یو آئی توہین عدالت ترمیمی بل اور دوہری شہریت کے بل کیخلاف ہے اور ایسے بلوں کی پارلیمنٹ میں بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے اقتدار بچانے کے بجائے آئین اور جمہوری عمل بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں حکومت اس جانب بڑھے۔
خبر کا کوڈ : 178676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش