0
Friday 27 Jul 2012 16:29

بنگلہ دیش برما کے مسلمانوں کے لئے اپنی سرحد کھول دے، ساجد میر

بنگلہ دیش برما کے مسلمانوں کے لئے اپنی سرحد کھول دے، ساجد میر
اسلام ٹائمز۔ جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو جذبہ اخوت کا مظاہرہ کر کے برمی مسلم مہاجروں کے لیے اپنی سرحد کھول دینی چاہیے، دنیا میں مسلمانوں کا خون ہمارے مسلم حکمرانوں کی غلامانہ سوچ کی وجہ سے سستا ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہمسایہ اسلامی ملک ہونے کے ناطے بنگلہ دیش کو برما کے مسلمانوں کے ساتھ بہتر حسن سلوک کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کے وحشیانہ قتل عام کے خلاف پاکستانی دفتر خارجہ کا مذمتی بیان رسمی اور ناکافی ہے، حکومت اور اپوزیشن مل کر قومی اسمبلی، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اس قتل عام کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائے تاکہ دنیا کو پیغام جائے کہ پاکستان کو اپنے برمی مسلمان بھائیوں پر ہونے والے ظلم پر دلی دکھ اور درد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قتل عام روکنے کے لیے پاکستان کو سفارتی مشن اقوام متحدہ اور او آئی سی کے لیے روانہ کرنا چاہیے۔

ساجد میر نے کہا کہ اس سلسلے میں بنگلہ دیش کی حکومت سے بھی بات کرنی چاہیے کہ وہ اپنے ہاں ظلم کا شکار برمی مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرے، اس ضمن میں حکومت کو برما کے مسلمانوں کی مدد کے لیے فنڈ بھی قائم کرنا چاہیے۔ ساجد میر نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی کو بھی اس سانحہ پر شدید دکھ ہے، رابطہ کے فورم پر برما کے مسلمانوں کے لیے فنڈ قائم کیا جائے گا اور انکی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں، اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں کی اس مسئلہ پر سرد مہری اور بے حسی کا مظاہرہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 182577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش