0
Wednesday 1 Aug 2012 05:31

لبنان میں حزب اللہ کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں، پیپلز پارٹی

لبنان میں حزب اللہ کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ ایک سیاسی حقیقت ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا وطن ہے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے، اسرائیل امریکہ، برطانیہ اور یورپی ممالک کا زبردستی بنایا ہوا ملک ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوری خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار لبنان سے آئے ہوئے حزب اللہ لبنان شعبہ سیاسی امور کے سربراہ ڈاکڑ احمد ملی، القدس ایسوسی ایشن بیروت کے سربراہ ڈاکٹر حیدر دقماق اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ترجمان صابر کربلائی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکریٹری جنرل تاج حیدر سے ملاقات کے دوران کیا۔ تاج حیدر کا کہنا تھا کے لبنان میں حزب اللہ ایک سیاسی حقیقت ہے اور ہم اسے تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق کسی بھی سرزمین پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کرنے والے دہشت گرد نہیں بلکہ حق خود ارادیت کی جدوجہد کرنے والے کہلاتے ہیں۔ پاکستان اور لبنان کی عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور اس ہی لئے سرکاری سطح پر آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر احمد ملی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی جمہوری خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مسئلہ فلسطین اور غاصب اسرائیل کی مخالفت شہید ذوالفقار علی بھٹو کا اس دور میں جرات مندانہ فیصلہ تھا کہ جب عرب ممالک غاصب اسرائیل کے خلاف اپنا منہ کھولتے ہوئے ڈرتے تھے اور وہی روش شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی رہی، جنہوں نے آخری وقت تک مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب اسرائیل کی مخالفت کی۔ آخر میں رہنماؤں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید جمہوریت بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
خبر کا کوڈ : 183941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش