0
Friday 10 Aug 2012 23:55

پیپلز پارٹی کی حکومت جمہوریت کے ماتھے پر بدترین داغ ہے، سید منور حسن

پیپلز پارٹی کی حکومت جمہوریت کے ماتھے پر بدترین داغ ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جمہوریت کے ماتھے پر بدترین داغ ہے۔ جمہوریت کے نام پر عوام کے ساتھ بہت بڑا فراڈ کیا جارہا ہے۔ پارلیمنٹ کو بالادست اور سپریم قرار دینے والوں نے اپنے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں پارلیمنٹ کے فیصلوں کو پرکاہ کی حیثیت نہیں دی۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد کے بجائے محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیا گیا۔ پارلیمنٹ کی بار بار توہین کی گئی جس کے نتیجے میں ایک وزیراعظم نااہل قرار پائے، دوسرے وزیراعظم بھی اسی ڈگر پر چل رہے ہیں۔ 27 اگست کو سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو طلب کیا ہے۔ ملک و قوم اور خود حکومت کے مفاد میں ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سوئس حکام کو خط لکھ دے تاکہ ملک کو بحران سے نجات ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت بلوچ کالونی میں منعقدہ عوامی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سیکریٹری نسیم صدیقی، ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان، سیکریٹری علی حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔

سید منور حسن نے کہا کہ قومی سلامتی، دفاع اور آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی پر پارلیمنٹ کی قراردادوں کو امریکی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا اور امریکی احکامات پر پارلیمنٹ کے فیصلوں کو بلڈوز کیا گیا۔ حکومت نے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سمیت کسی بھی آئینی ادارے کی ذرہ برابر پروا نہیں کی۔ علی الاعلان ملک پر جمہوریت کے نام پر بدترین شخصی آمریت مسلط ہے۔ حکومت پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سے تصادم کے راستے پر گامزن رہی اور قومی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ چار جماعتی اتحاد کا ٹولہ مزید برسر اقتدار رہا تو قومی یکجہتی کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوگا۔ اداروں کے درمیان ٹکراؤ سے بچنے اور مسائل سے نکلنے کا واحد حل فوری انتخابات ہیں۔ ملک میں متفقہ عبوری حکومت قائم کرکے شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک کو موجودہ گھمبیر صورتحال سے نکالا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات پر ہر محب وطن خون کے آنسو رو رہا ہے جہاں فطرانہ بھی بندوق کی نوک پر اکٹھا کیا جاتا ہے حتیٰ کہ کراچی میں رہنے والے ہندوؤں، سکھوں اور عیسائیوں سے بھی فطرانہ وصول کیا جارہا ہے۔ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے۔ حکومتی اتحاد کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کو جان و مال کا تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ بوری بند لاشوں کے سوداگر اور ٹارگٹ کلنگ کے ماہر حکومتی چھتری کے نیچے اپنا مکروہ دھندہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور شہریوں کو رمضان جیسے مقدس اور بابرکت مہینے میں بھی امن و امان حاصل نہیں۔

سید منور حسن نے کہا کہ جب تک خدا کے سامنے جوابدہی کا احساس اور قوم کا درد رکھنے والی حکومت برسر اقتدار نہیں آتی، ملک کے حالات نہیں بدلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار اور اہل افراد کی ٹیم موجود ہے جو ملک و قوم کو موجودہ حالات سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ قوم آئندہ انتخابات میں چوروں لٹیروں سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ ملک کو خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کیا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 186462
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش