0
Saturday 25 Aug 2012 11:56

زرداری پاکستان دشمن قوتوں کے سیاسی امام ہیں، سردار عتیق

زرداری پاکستان دشمن قوتوں کے سیاسی امام ہیں، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری پاکستان میں دنیا بھر کی پاکستان دشمن قوتوں کے سیاسی امام ہیں۔ صدر زرداری کو ہر مشکل سے نکالنے کے لیے ہندوستان کے سیاسی و قانونی ماہرین قدم قدم پر اپنے رضا کارانہ قیمتی مشوروں سے نوازتے ہیں۔ پاکستان میں فوج کی نگرانی میں الیکشن یا دو سال کے لیے عبوری حکومت کا سیٹ اپ بنایا جائے اور ملک کے حالات میں بہتری لائی جائے۔ پاکستان کے مستقبل کی سیاست حادثات کی مرہون منت دکھائی دیتی ہے۔ اپوزیشن کی تنہائی اور چھوٹی جماعتوں کا زرداری کی سیاسی پناہ میں جوق در جوق شامل ہونا بڑے خطرہ کی علامت ہے۔ وہ جمعہ کو مجاہد اول ہائوس غازی آباد میں پریس کلب باغ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ جس نے صدر پریس کلب سردار طاہر احمد عباسی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ 

سردارعتیق احمد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر زرداری حکومت کی بے جا پسپائی کشمیری عوام کو ناقابل قبول ہے اس سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اس خطہ کی اولین ترجیح ہے۔ زرداری کے اقدامات نے پاکستان کو تنہا کر کے ہندوستان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ جس سے پاکستان کے وجود کو شدید خطرات لاحق ہیں جو سارے جنوبی ایشیاء کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔ زرداری حکومت صوبوں کو تقسیم اور جموں و کشمیر کے حصے بخرے کرنے کی سکیم پر عمل پیرا ہے اور ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ اہل کشمیر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے مشن سے لاتعلق نہیں رہ سکتے اہل کشمیر کا پاکستان، پاکستانی عوام اور افواج پاکستان پر بھرپور بھروسہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر پر ہزارسال تک جنگ لڑنے کی بات کرنے والے بھٹو کے پیروکار پانچ سالہ دور اقتدار میں ایک بار بھی حریت قیادت اور کشمیری لیڈر شپ سے نہ مل کر بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت اور اپوزیشن دونوں غیر ریاستی ہیں انھیں ریاست کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔
خبر کا کوڈ : 189848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش