0
Tuesday 28 Aug 2012 15:06

برمی علماء کونسل کے وفد کی محمد حسین محنتی سے ملاقات، منور حسن سے ٹیلیفونک گفتگو

برمی علماء کونسل کے وفد کی محمد حسین محنتی سے ملاقات، منور حسن سے ٹیلیفونک گفتگو
اسلام ٹائمز۔ اراکانی علماء کونسل کراچی سندھ کے نمائندہ وفد نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی امیر محمد حسین محنتی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی کراچی نسیم صدیقی، نائب امراء برجیس احمد، حافظ نعیم الرحمن، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈائریکٹر پبلک ریلیشن سرفراز احمد، ڈپٹی سیکریٹری جنرل مسلم پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد میں مولانا محمد طاہر اراکانی، مولانا ظفر احمد آزاد، مولانا قاری محمد سعید، مولانا عبدالمالک نعمان، قاری نور الکبیر، مولانا نور احمد اور مولانا شمس العالم شامل تھے۔ وفد نے برما میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور نسل کشی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور ایشوز کو ہائی لائٹ کرنے پر برمی مسلمانوں کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر وفد نے ٹیلی فون پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن سے بھی بات کی اور بھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔

سید منور حسن نے وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے آئندہ ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں اپنے مظلوم مسلمانوں کی مدد کرنا امت مسلمہ کا فرض ہے، برما میں مسلمانوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے، امریکا، عالمی ادارے اور حکومت پاکستان نے اراکانی مسلمانوں کی داد رسی کیلئے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی آزمائش کے وقت اپنے مظلوم بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ہم ہر طرح کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر محمد حسین محنتی نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ برما کے مسلمانوں پر جس بڑے پیمانے پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اس پر کوئی بھی دردمند دل خاموش نہیں رہ سکتا۔ عالمی برادری نے اس ظلم پر خاموشی اختیار کرکے اپنے دوہرے معیار کا ثبوت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برما کے مسئلے پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے خاموشی اختیار کرکے ثابت کیا ہے کہ آزادی، انسانی حقوق اور مساوات کا نعرہ محض ڈھکوسلہ ہے جب بھی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں یہ ادارے خاموشی اختیار کرلیتے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انہیں انسانی حقوق سے کوئی مطلب نہیں یہ اپنے مخصوص ایجنڈے پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرکے اپنا دینی اخلاقی اور ملی فریضہ انجام دیا ہے اور یہ آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 190698
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش