0
Friday 31 Aug 2012 17:55

کراچی میں طالبانائزیشن کی خبریں تشویشناک ہیں، صاحبزادہ فضل کریم

کراچی میں طالبانائزیشن کی خبریں تشویشناک ہیں، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام پر سیاست بازی بند کر کے اتفاق رائے پیدا کیا جائے، نئے صوبوں کی تشکیل اس طرح کی جائے کہ ملک میں لسانی تعصبات کی بجائے محبت و بھائی چارہ فروغ پائے،کراچی کو سوات بنایا جا رہا ہے، کراچی میں طالبانائزیشن کی خبریں تشویشناک ہیں، عدلیہ اور حکومت ایک دوسرے کو کمزور کرنے سے باز آ جائیں، خطبۂ حجتہ الوداع ہر سرکاری دفتر میں آویزاں کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن نے سیاست کو کثافت بنا دیا ہے، پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی افسوسناک ہے، ممبران اسمبلی مولا جٹ نہ بنیں، فوجی چوکیوں پر حملہ کرنے والے امریکہ اور بھارت کے ایجنٹ ہیں، کراچی سمیت پورے ملک کو اسلحہ سے پاک کیا جائے۔ دہری شہریت والے اعلیٰ افسروں کو انکے عہدوں سے الگ کیا جائے۔ کریمینل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کرے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سید حامد سعید کاظمی کی ضمانت پر عدالت عظمیٰ کے جج کا بیان افسوسناک اور ناپسندیدہ ہے۔صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکہ اور بھارت سے پیسے لے کر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،بلوچستان میں ملکی نہیں غیرملکی ایجنسیاں لوگوں کو لاپتہ کرنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں بھارت کا کردار بڑھا رہا ہے جس سے خطے کا امن تباہ ہو گا۔

سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ استحصالی، ظالمانہ اور منافقانہ نظام کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی کے لیے نفرتوں کو محبتوں میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ قومی سا لمیت کی حفاظت کے لیے قوم اور لیڈر متحد ہو جائیں، پاکستان کے دفاعی ادارے عالمی سازشوں کی زد میں ہیں لیکن پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے کیونکہ پاک فوج ہی پاکستان کے دفاع اور وقار کی علامت ہے۔
ٓ
خبر کا کوڈ : 191575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش