0
Tuesday 11 Sep 2012 10:45

مفاہمتی پالیسی کو مزید فروغ دینگے، چوہدری عبدالمجید

مفاہمتی پالیسی کو مزید فروغ دینگے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہےکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں سیاسی رواداری اور مفاہمتی پالیسی کی پہلے سے بھی زیادہ ضرورت ہے تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی سمیت جمہوری نظام کی مضبوطی کے نکات پر باہمی مشاورت سے ٹھوس بنیادوں پر پیش رفت کرتے ہوئے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کو بھارتی جابرانہ تسلط سے آزاد کروا کر پاکستان کی شہ رگ کو مضبوط بنایا جا سکے بلکہ آزاد خطہ کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے ایک ماڈل اسٹیٹ بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ وہ گذشتہ روز مظفرآباد میں مختلف وفود اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد خطہ میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کرنے کے لیے عوامی حکومت نے ایک سال میں خطے کو ترقی و خوشحالی کے فاسٹ ٹریک پر چڑھا دیا ہے اور درجنوں میگا پروجیکٹس کا آغاز کر کے آزاد کشمیر بھر کو ایجوکیشن سٹی بنانے کے لیے بھی ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ہر مکتبہ فرک کو آن بورڈ کر کے بھائی چارے اور سیاسی رواداری کے ماحول میں معاملات کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں حالیہ مون سون بارشوں سے انفراسٹریچرسمیت بہت نقصان ہوا ہے جس کا تخمینہ لگانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ 

چوہدری عبدالمجید نےکہا کہ ایکٹ 74ء میں ترامیم کے لیے قائم کمیٹی دیگر جماعتوں کی باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کریگی اور مثبت اور قابل عمل تجاویز کو خطے اور عوام کے مفاد میں ایکٹ کا حصہ بنانے کے لیے مطلوبہ کاروائی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم توسیع منصوبہ اور متاثرین زلزلہ کی بحالی و آباد کاری کے لیے بھی ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے اور وہ وقت دور نہیں جب آزاد خطہ حقیقی معنوں میں ایک ماڈل اسٹیٹ کا روپ دھار لے گا۔
خبر کا کوڈ : 194500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش