0
Thursday 27 Sep 2012 02:32

او آئی سی اجلاس بلا کر تحفظ حرمت رسول (ص) پر ٹھوس اقدامات کرے،حافظ محمد سعید

او آئی سی اجلاس بلا کر تحفظ حرمت رسول (ص) پر ٹھوس اقدامات کرے،حافظ محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ نبی اکرم (ص) کی شان اقدس میں گستاخی دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی اور صلیبیوں و یہودیوں کی طرف سے مسلمانوں پر مسلط کردہ صلبی جنگ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی و سیاسی جماعتوں کا نمائندہ وفد مسلم ملکوں کو بھیجا جائے جو سعودی عرب، ترکی، مصر، لیبیا اور دیگر مسلم ملکوں میں جا کر انہیں ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلائے تاکہ مسلم حکومتیں عالمی سطح پر نبی اکرم (ص) سمیت تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا موت کا قانون پاس کروانے کی کوشش کریں۔ او آئی سی کا اجلاس بلا کر تحفظ حرمت رسول (ص) کے حوالہ سے مضبوط فیصلے کرنے چاہئیں اور اس احتجاج کو منظم شکل میں نتیجہ خیز بنانے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ ردعمل شدت پسندی نہیں ہے۔ زمین، آسمان اور کائنات سب کچھ حرمت رسول (ص) پر قربان کیا جا سکتا ہے یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی صدر اوبامہ گستاخانہ فلم پر پابندی نہیں لگا سکتے تو نیٹو سپلائی بھی کسی صورت بحال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے صدر زرداری کے جنرل اسمبلی کے خطاب کو سرہاتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کا شرانگیز فلم پر مسلم مؤقف پیش کرنا اور یوم عشق رسول منانا اچھا اقدام ہیں لیکن محض اتنا کافی نہیں ہے صلیبیوں کی گستاخیاں روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعۃ الدعوۃ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اگر عالمی سطح پر توہین انبیاء کی سزا موت کا قانون پاس نہیں کرتے تو مسلم ممالک کو امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے چاہئیں اور اپنے سفیر واپس بلائے جائیں۔ اگر یہ نہیں ہوگا تو پھر عوام الناس سڑکوں پر ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو یوم احتجاج کے موقع پر تشدد کے واقعات تحفظ حرمت رسول (ص) کی تحریک کو ڈی ٹریک کرنے کی سازشوں کا حصہ ہیں اور اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ اس خوفناک سازش میں کون کونسی بیرونی ایجنسیاں ملوث تھیں۔ انہوں نے کہا کہ شان رسالت میں گستاخی امت مسلمہ پر بہت بڑا حملہ ہے۔ ایسی قبیح حرکتوں پر پوپ بینی ڈکٹ اور لارڈ آف کنٹر بری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے قومی مجلس مشاورت میں شرکت کرنے والے تمام مذہبی و سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 198886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش