0
Wednesday 3 Oct 2012 23:36

جب تک اسلام کو تعصب کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر وسیم اختر

جب تک اسلام کو تعصب کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، 18 فروری سے پہلے کیے گئے تمام وعدے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں، قوم پر امریکی ایجنٹ مسلط ہیں جن سے چھٹکارا وقت کا تقاضا ہے، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کی بات کی ہے، ہم ملک میں مثبت تبدیلی کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں۔ دفتر جماعت اسلامی ملتان سے جاری بیان کے مطابق سید وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں تمام تر اختلافات بھلا کر وطن عزیز کو بچانے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں، کفر کی طاقتیں اسلام اور پاکستان کے خلاف متحد ہوچکی ہیں۔
 
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ آج تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے، جب تک امریکہ اور یورپ میں اسلام کو تعصب کا نشانہ بنا یا جاتا رہےگا دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ سید وسیم اختر نے کہا کہ منافقت کی سیاست کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں ایک ہی سکے کے دورخ ہیں، ان سے خیر کی توقع نہیں، لادینی قوتیں ملک کو سیکولر بنانا چاہتی ہیں، فحاشی و عریانی کا طوفان برپا ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک ہم جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں سے نجات حاصل نہیں کرلیتے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کو ضروریات زندگی کی بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے تمام ترقیاتی بجٹ کا رخ صرف ایک شہر کی طرف ہے۔
خبر کا کوڈ : 200653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش