0
Wednesday 3 Oct 2012 19:21

عوام متحد ہوکر ناموس مصطفی ؐ مارچ میں بھرپور شرکت کریں، محمد حسین محنتی

عوام متحد ہوکر ناموس مصطفی ؐ مارچ میں بھرپور شرکت کریں، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ امریکہ و اسرائیل گٹھ جوڑ سے بننے والی توہین رسالت پر مبنی فلم کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت عظیم الشان ناموس مصطفی ؐ مارچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، کراچی کے عاشقان مصطفیؐ 7 اکتوبر بروز اتوار سہ پہر تین بجے مزار قائد سے تبت سینٹر تک مارچ کریں گے۔ مارچ کی قیادت مرکزی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کریں گے۔ مارچ میں اہلیان کراچی کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت متوقع ہے جس کیلئے شہر بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنان بڑے پیمانے پر عوام سے رابطے کر رہے ہیں، گھر گھر جا کر ہینڈ بلز اور پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ شہر بھر میں بینرز آویزاں کردئیے گئے ہیں۔

اس ضمن میں جمعے اور ہفتے کے روز شہر بھر کی مساجد اور نمایاں مقامات پر مظاہرے اور کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ انہی دنوں میں اہم چورنگیوں اور پبلک مقامات پر کیمپس بھی لگائے جائینگے جبکہ موبائیل پبلسٹی کیلئے فلوٹس بھی شہر بھر میں گشت کریں گے۔ ناموس مصطفیﷺ مارچ میں شہر بھر سے عاشقان مصطفی بڑی تعداد میں شرکت کرکے نبی آخرالزمانﷺ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کریں گے۔ عوام الناس کی آسانی کیلئے جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں ہر زونز سے خصوصی ٹرانسپورٹ اور گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔

دریں اثناء جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عالمی طاغوت امریکہ اور اس کے حواری وقتاً فوقتاً مختلف بہانوں سے امت مسلمہ کے جذبات کا امتحان لیتے رہتے ہیں، ہمیں اپنے جذبہ ایمانی اور اتحاد و اتفاق سے دشمنان اسلام کو یہ باور کرانا ہے کہ امت کا بچہ بچہ بیدار ہے اور اپنے نبی کی حرمت پر جان دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے اہلیان کراچی سے اپیل کی تمام تر فقہی، مسلکی، لسانی اور فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکر حرمت رسولؐ کی حفاظت کے ایک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہوجائیں اور ناموس مصطفیﷺ مارچ میں بھرپور شرکت کرکے نبی رحمت سے اپنے عشق کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 200600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش