0
Thursday 1 Nov 2012 22:17

کشمیری عوام ہی مسئلہ کشمیر کے اصل فریق ہیں، پروفیسر عبدالغنی بٹ

کشمیری عوام ہی مسئلہ کشمیر کے اصل فریق ہیں، پروفیسر عبدالغنی بٹ
اسلام ٹائمز۔ کشمیری قیادت کے جامع اتحاد پر زور دیتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین پروفیسر عبدالغنی بٹ نے واضح کیا ہے کہ کشمیری عوام ہی کشمیر کے اصل مالک ہیں، اس لئے ان سے پوچھے بناء کوئی فیصلہ لینا نادانی ہوگی، انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم پر زور دیا کہ یہاں رہنے والے کشمیریوں کو کسی بھی صورت میں غریب الوطنی کا احساس نہ دیا جائے، اپنے دورہ پاکستان کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے سربراہ پروفیسر عبدالغنی بٹ نے جمعرات کو راولپنڈی میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری عبدالمجید، سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، راجا فاروق حیدر اور سابق اسپیکر شاہ غلام قادر کے ساتھ ایک طویل ملاقات کی۔ جس میں لائن آف کنٹرول کے آر پار کے کشمیری رہنماوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری امن و مذاکراتی عمل کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے التواء میں رہنے کے نتیجے میں کشمیری عوام اور مزاحمتی قیادت میں پائی جانے والی مایوسی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

پروفیسر بٹ نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری عبدالمجید اور دیگر رہنماوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادیں کشمیریوں کی رواں جدوجہد کی بنیاد ہیں جبکہ ان ہی قراردادوں کی روشنی میں سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے اس دیرینہ مسئلے کا منصفانہ اور حتمی حل نکالا جا سکتا ہے، تاہم پروفیسر بٹ نے یہ واضح کیا کہ بھارت اور پاکستان کے سامنے اپنی فریقانہ حیثیت کا لوہا منوانے کے لئے آر پار کی کشمیری قیادت کو متحد ہو کر مسئلہ کشمیر کے متفقہ حل پر متحد ہونا پڑے گا، انہوں نے بتایا کہ کشمیری ہی آر پار کشمیر کے اصل مالک ہیں اور ان کے مالکانہ حقوق تب ہی قائم رہ سکتے ہیں جب کشمیری قیادت ذاتی اختلافات یا مختلف خیالات کو تیاگ کر یکسوئی اور یکجہتی کا عملی ثبوت فراہم کرے، انہوں نے بتایا کہ کشمیریوں نے اپنی مسلمہ اور مبنی برحق جدوجہد کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لئے گذشتہ 23 برسوں کے دوران ہر طرح کی قربانیاں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ طرح طرح کے مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 208323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش