0
Thursday 29 Nov 2012 15:08

مولانا سمیع الحق کے زیر قیادت مذہبی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ثابت ہوگا، جے یو آئی

مولانا سمیع الحق کے زیر قیادت مذہبی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ثابت ہوگا، جے یو آئی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام پاکستان صوبہ سندھ کے امیر مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی، کراچی ڈویژن کے امیر قاری عبدالمنان انور نقشبندی، مفتی محمد عثمان یار خان، حافظ احمد علی، مولانا غلام مصطفےٰ فاروقی، مولانا مشتاق عباسی، قاری عبدالحئی، پیر لیاقت نقشبندی، مفتی حماداللہ مدنی، قاری عبدالغفور شاکر، قاری لیاقت رحمانی، مولانا اقبال اللہ، مولانا حضرت ولی ہزاروی و دیگر نے محرم الحرام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام ذمہ داران کو امن و امان کے قیام پر مبارک باد پیش کی۔
 
جے یو آئی کے رہنماﺅں نے گلشن اقبال میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف تنقید نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے اچھے کاموں کی ستائش بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں پر تنقید کا مقصد صرف اور صرف اصلاح ہے، محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے سابقہ حادثات کے پیش نظر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا اور وزیر داخلہ رحمٰن ملک کے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا تھا مگر اس حوالے سے دیکھا جائے تو ان کے اقدامات سے عوام کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے لیکن حکومت کو اب اس سے آگے بڑھنا چاہئے ڈبل سواری پر پابندی اور سم بلاک کرنا اس مسئلے کاحل نہیں ہے انتظامی ادارے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد تھانوی و دیگر نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں ملک میں بننے والا مذہبی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ثابت ہوگا، اس وقت ملک کے عوام باکردار اور صالح قیادت کی راہ تک رہے ہیں کیونکہ سیاسی جماعتوں کے بلند بانگ نعروں اور کھوکھلے دعووں سے لوگ تنگ آچکے ہیں، موجودہ حکمرانوں نے بھی اپنے پورے عرصے میں عوام کیلئے خاطر خواہ کام نہیں کیا ہے اور کارکردگی کے لحاظ سے اس کی پوزیشن زیرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد ملک کے حالات کی بہتری اور قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 216191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش