0
Saturday 1 Dec 2012 19:36

لاہور، مینار پاکستان کے قریب دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

لاہور، مینار پاکستان کے قریب دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سی آئی اے پولیس نے مینار پاکستان کے قریب سے کالعدم تحریک طالبان کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر کے لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی سی آئی اے کوتوالی طارق الیاس نے میڈیا کو بتایا کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے غلام ربانی گروپ کے تین دہشت گرد ارشد علی عرف عثمان عرف زبیر، عمر زیب اور امجد علی عرف اسد اللہ عرف زبیر عرف مہاجر کو اس وقت مینار پاکستان گراؤنڈ سے گرفتار کیا جب وہ میرانشاہ سے آنے والے اسلحہ کے انتظار میں کھڑے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں نے محرم الحرام کے دوران بڑے پیمانے پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تنظیم کیلئے فنڈ اکٹھا کرتے تھے۔ انہوں نے کشمیر اور افغانستان میں جہاد کیا اور تربیت حا صل کی۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے چار ہینڈ گرنیڈ ایک کلا شنکوف، سات کلو گرام بارودی مواد، بم بنانے کا سامان، فنڈ کے لئے اکٹھی کی گئی ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے کی نقدی اور تنظیم کا لٹریچر برآمد کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گرفتار کئے گئے تینوں ملزمان کا تعلق پنجاب کے علاقے صیغم کوٹ سے ہے تاہم انہیں مالی اور دیگر معاونت فراہم کرنے والے کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے جس کی گرفتاری کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے پکڑے جانے والے دہشت گردی سکھ یاتریوں کو نشانہ بنانے کے لئے آئے ہوں کیوں کہ آج کل سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آئی ہوئی ہے اور سکھ یاتری رنجیت سنگھ کی مڑی جو کہ بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کے نزدیک واقع ہے پر حاضری دینے آتے ہیں اور ہو سکتا ہے ان دہشت گردوں کا نشانہ وہی ہوں تاہم حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 216875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش