0
Friday 14 Dec 2012 18:39

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو توہین عدالت کا نوٹس

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو توہین عدالت کا نوٹس
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو جلسے میں عدلیہ مخالف تقریر کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات جنوری کو ذاتی طور پر یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سیکرٹری خارجہ کو بھی نوٹس کی تعمیل کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں کراچی بدامنی عملدرآمد کیس کے حوالے سے حاجی عدیل کی درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے عوامی تقریب سے خطاب کے دوران قابل احترام ججز کے حوالے سے نامناسب الفاظ استعمال کئے، یہ الفاظ عدالت کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مترادف ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ یہ انتہائی غلط بات ہے، آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہم یہاں بیٹھ کر کام نہ کریں۔ عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر پیمرا کو الطاف حسین کی تقریر کا متن پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کراچی بدامنی کیس کے فیصلے پر نہ کوئی سوال اٹھا نہ کوئی نظرثانی کی درخواست آئی، یہاں تک کہ ہمارے احکامات جاری کرنے کے بعد بھی فیصلے پر عمل نہیں ہوا، حالیہ عدالتی بنچ اس لئے بنایا کہ فیصلے پر عمل درآمد کرایا جاسکے۔ عدالت نے الطاف حسین کو آئین کے آرٹیکل 204 کی ذیلی شق 3 کے تحت توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت کریں کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار، وزارت خارجہ، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو بھی نوٹسز جاری کر دیئے۔


خبر کا کوڈ : 221193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش